بھوک ہڑتال پر بیٹھی آتشی کی طبیعت بگڑی، شوگر لیول 36 تک پہنچا، اسپتال میں داخل
عآپ نے کہا، ’’آتشی کی صحت بگڑ گئی ہے۔ ان کا بلڈ شوگر لیول آدھی رات کو 43 اور صبح 3 بجے 36 تک گر گیا جس کے بعد ایل این جے پی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا‘‘
نئی دہلی: دہلی کی پانی کی وزیر آتشی کی صحت پیر کی رات دیر گئے بگڑ گئی، جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ آتشی اپنے مطالبات کو لے کر جمعہ سے ’پانی ستیہ گرہ‘ کے تحت غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہوئی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ ان کا بلڈ شوگر لیول آدھی رات کو 43 تک گر گیا تھا اور صبح 3 بجے تک یہ گر کر 36 ہی رہ گیا۔
بلڈ شوگر کی تشویشناک گراوٹ کے بعد ایل این جے پی اسپتال کے ڈاکٹروں نے فوری طبی مداخلت کا مشورہ دیا اور انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ عآپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں طبی کارکن آتشی کو ایمبولینس میں لے جاتے نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ عآپ نے لکھا، ’’آتشی کی صحت بگڑ گئی ہے۔ ان کا بلڈ شوگر لیول آدھی رات کو 43 اور صبح 3 بجے 36 تک گر گیا جس کے بعد ایل این جے پی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا۔ وہ پچھلے پانچ دنوں سے کچھ نہیں کھا رہی ہے اور ہریانہ سے دہلی کے حصے کا پانی جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔‘‘
عآپ کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، اس سے پہلے بھی ایل این جے پی کے ڈاکٹروں نے آتشی کی صحت کی جانچ کی تھی اور انہیں اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا لیکن آتشی نے بھرتی ہونے سے انکار کر دیا۔
اس سے قبل آتشی کے چیک اپ کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسٹیج سے اعلان کیا تھا کہ انہیں صحت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ ان کا وزن 2.2 کلو کم ہو گیا ہے۔ ان کا وزن 63.6 کلوگرام ہے اور اس کا بی پی بھی کم ہے۔
آتشی نے کہا، ’’میرا بی پی اور شوگر لیول گر رہا ہے اور میرا وزن کم ہو گیا ہے۔ کیٹون کی سطح بھی بہت زیادہ ہے جو طویل مدت میں نقصان دہ اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ چاہے میرے جسم کو کتنی ہی تکالیف کیوں نہ پہنچیں، میں بھوک ہڑتال اس وقت تک جاری رکھوں گی جب تک ہریانہ پانی نہیں چھوڑ دیتا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ دہلی کا سارا پانی پڑوسی ریاستوں سے آتا ہے۔ ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے دہلی کے حصے کا 100 ایم جی ڈی (46 کروڑ لیٹر سے زیادہ) پانی روک دیا ہے۔ دہلی پانی کی قلت سے دوچار ہے۔ آتشی نے بی جے پی کی زیرقیادت ہریانہ حکومت پر 100 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی نہیں چھوڑنے کا الزام لگایا، جس سے قومی راجدھانی میں 28 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حج 2024: 3 دنوں میں 8 پروازوں سے 3029 حجاج کرام دہلی پہنچے
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔