ضمنی انتخابات کے نتائج: 'انڈیا' اتحاد 13 میں سے 10 سیٹوں پر آگے، این ڈی اے محض 2 سیٹ پر آگے

ہماچل پردیش میں کانگریس امیدوار اور وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر دیہرا سیٹ سے جیت چکی ہیں۔ اس سیٹ پر کانگریس نے 25 سال کے بعد کامیابی حاصل کی ہے

<div class="paragraphs"><p>ووٹوں کی گنتی / فائل تصویر</p></div>

ووٹوں کی گنتی / فائل تصویر

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کی 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کی گنتی میں انڈیا اتحاد کی جماعتوں کانگریس، عام آدمی پارٹی، ترنمول کانگریس اور ڈی ایم کے کے امیدوار 13 میں سے 11 سیٹوں پر آگے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب رجحانات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو صرف ہماچل پردیش کی ہمیر پور سیٹ پر برتری حاصل ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کو پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، بہار اور تمل ناڈو میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے موہندر بھگت نے پنجاب کی جالندھر ویسٹ اسمبلی سیٹ سے انتخاب جیت لیا ہے۔ موہندر بھگت نے بی جے پی امیدوار شیتل انگورل کو 37 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔


ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے امیدوار کرشنا کلیانی، مکٹ منی ادھیکاری، مدھوپورنا ٹھاکر بالترتیب مغربی بنگال کی رائے گنج، راناگھاٹ ساؤتھ، بگداہ سیٹ سے جیت حاصل کر چکے ہیں جبکہ چوتھی سیٹ مانیکتلہ پر بھی ٹی ایم سی کی سوپتی پانڈے آگے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق رائے گنج میں بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے امیدوار کو 50 ہزار کے فرق سے شکست ہوئی ہے۔ پارٹی کو راناگھاٹ ساؤتھ میں 39 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی ہے، جبکہ اسے بگداہ میں 33 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ مانیکتلہ کی بات کریں تو یہاں بی جے پی امیدوار 44 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں۔

ہماچل پردیش میں کانگریس امیدوار اور وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر دیہرا سیٹ سے جیت چکی ہیں۔ اس سیٹ پر کانگریس نے 25 سال کے بعد کامیابی حاصل کی ہے۔ سابقہ دو مرتبہ جیت حاصل کرنے والے بی جے پی کے ہوشیار سنگھ کو یہاں 9399 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

ہماچل پردیش کی نالہ گڑھ سیٹ پر بھی کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں پر کانگریس کے امیدواور ہردیپ سنگھ باوا نے بی جے پی کے کے ایل ٹھاکر کو تقریباً 9 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ ہماچل پردیش کی ہمیرپور وہ واحد سیٹ ہے جسے بی جے پی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ یہاں بی جے پی کے آشیش شرما نے کانگریس امیدوار ڈاکٹر پشپندر ورما کو محض 1571 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔


الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب رجحانات کے مطابق، دونوں کانگریس امیدوار لکھپت سنگھ بٹولا اور قاضی نظام الدین اتراکھنڈ میں بدری ناتھ اور منگلور سیٹوں پر آگے ہیں۔ بدری ناتھ میں بی جے پی کے راجندر بھنڈاری 5 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں، جبکہ منگلور میں بی جے پی کے کرتار سنگھ بھڈانہ محض 422 ووٹوں کے فرق سے پیچھے ہیں۔

مدھیہ پردیش کی امرواڑہ سیٹ پر کانگریس کے دھرن شاہ انوتی بی جے پی کے کملیش پرتاپ شاہی سے آگے چل رہے تھے لیکن تازہ رجحانات کے مطابق وہ تقریباً 3500 ووٹوں سے پیچھے ہو گئے ہیں۔ وہیں، بہار کی روپولی سیٹ کی بات کریں تو یہاں جے ڈی یو کے کالادھر پرساد منڈل آزاد امیدوار شنکر سنگھ سے 8 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ یہاں آر جے ڈی کی بیما بھارتی تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہیں۔

تمل ناڈو کی وکراونڈی اسمبلی سیٹ پر، ڈی ایم کے کے اینیور سیوا پی ایم کے کے انبومانی سی سے 58 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔