انڈیا الائنس کی حکومت بننے کے بعد اگنی ویر اسکیم کو کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ میں نے اپنے والد اور امیٹھی کے درمیان محبت بھرے رشتے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ میری بھی ایسی ہی سیاست ہے۔ میں امیٹھی سے تھا، امیٹھی سے ہوں اور امیٹھی سے ہی رہوں گا۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بننے کے بعد اگنی ویر اسکیم کو کوڑے دان میں میں پھینک دیا جائے گا۔ شہید کی ایک ہی قسم ہوگی اور سب کو پینش ملےگی۔ وہ اتر پردیش کی امیٹھی لوک سبھا حلقے میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں 42 سال پہلے جب پہلی بارامیٹھی آیا تھا تو اس وقت 12 سال کا بچہ تھا۔ میں اپنے والد کے ساتھ یہاں آیا تھا۔ میں نے سیاست میں جو کچھ سیکھا ہے امیٹھی کے لوگوں نے مجھے سکھایا ہے۔

کانگریس کے لیڈر نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے والد اور امیٹھی کے درمیان محبت بھرے رشتے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ میری بھی ایسی ہی سیاست ہے۔ میں امیٹھی سے تھا، امیٹھی سے ہوں اور امیٹھی سے ہی رہوں گا۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ آج کل مودی گودی میڈیا والوں کو بہت انٹرویو دے رہے ہیں۔ یہ (گودی میڈیا والے) نریندر مودی کے ہیں، ہمارے نہیں ہیں۔ یہ کسانوں اور مزدوروں کی بات نہیں کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ انٹرویو میں جب مودی جی سے پوچھا گیا کہ ایسا کیوں ہے کہ ہندوستان میں امیر لوگ امیر تر ہوتے جارہے ہیں اورغریب لوگ مزید غریب ہوتے جارہے ہیں، تو نریندر مودی نہایت متکبرانہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ کیا سب کو ایک جیسے بنا دینا چاہئے؟ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی چاہتے ہیں کہ ملک میں 22-25 لوگ امیر رہیں اور بقیہ سب غریب رہیں۔


کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ 4 جولائی تک 8500 روپے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے جائیں گے۔ اگر میڈیا نے زیادہ بولا تو سال کا 2 لاکھ روپئے کر دیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی جی نے فوڈ پارک اور ٹریپل آئی ٹی چھین لی۔ ہم نے ہر کونے میں قومی شاہراہوں کا جال پھیلایا۔ اگر مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بنتی ہے تو یہاں پر فوڈ پارک بنایا جائے گا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت بنتے ہی اگنی ویر اسکیم کو اٹھا کر کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا۔ شہید کی ایک ہی قسم ہوگی اور سب کو پنشن ملے گی، سب کو عزت ملے گی، سب کو تمغہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو اگنی ویرنہیں چاہئے تھا، اڈانی کی مدد کرنے کے لیے مودی نے اگنی ویر کو فوج پر تھوپا ہے۔ ہم اگنی ویر اسکیم کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے امیٹھی کے لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے امیٹھی کے کانگریس کے امیدوار کے ایل شرما کے لیے انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ وہ 40 سال سے آپ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ والد صاحب نے 150 کوآرڈینیٹر بنائے تھے۔ کشوری جی نے امیٹھی میں کام کیا، آپ کے لیے کام کیا۔ اگر آپ دیگر کوآرڈینیٹروں کو دیکھیں تو کچھ پی سی سی صدر بنے، کوئی وزیر بنا، کوئی ایم ایل اے بنا لیکن کشوری جی نے 40 سال امیٹھی کی عوام کو دیئے۔ انہوں نے آپ کے لیے اپنا سیاسی کیریئر قربان کر دیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگرچہ میں رائے بریلی کا ایم پی بنوں گا لیکن جو کچھ رائے بریلی کے لیے ہوگا وہ امیٹھی کے لیے بھی ہوگا۔ اگر رابریلی میں 10 روپے آئے گا تو وہ روپیہ امیٹھی میں بھی آئے گا۔ میں دل سے جڑا ہوں، میں آپ کا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔