سمستی پور میں دردناک سڑک حادثہ، 5 اسکولی بچوں کو منی ٹرک نے کچل ڈالا، 2 طالبات کی موت، 3 سنگین زخمی

مہلوکین کی شناخت سواتی پریا اور کرتیکا کماری کی شکل میں ہوئی ہے، سنگین طور پر زخمی 3 اسٹوڈنٹس کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار کے ضلع سمستی پور واقع قومی شاہراہ 28 (این ایچ 28) کے مسری گھراری تھانہ کے تھت ’اتکرمت مڈل اسکول، نوکاٹول‘ کے قریب ایک بے قابو ٹرک نے 5 اسکولی بچوں کو دردناک طریقے سے کچل دیا۔ اس حادثہ میں 2 طالب علم کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تین سنگین طور پر زخمی طلبا کو مقامی لوگوں نے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔ سبھی زخمی طلبا کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مہلوکین دو طالب علم لڑکیاں ہیں جن کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ایک کا نام سواتی پریا ہے جو فتح پور والا پنچایت وارڈ 8 باشندہ برہمدیو کی بیٹی ہے، اور دوسری کرتیکا کماری ہے جو کمار ساہ کی بیٹی ہے۔ دونوں ہی پانچویں درجہ کی طالبہ تھیں۔ وارڈ 8 کے ہی باشندہ وشنو دیو سنگھ کی 13 سالہ بیٹی مینا کماری نے پانی میں چھلانگ لگا کر کسی طرح اپنی جان بچا لی۔


موصولہ خبروں کے مطابق حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا۔ فوری طور پر اس حادثہ کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی۔ جب پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو قصوروار ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سبھی بچے اسکول جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ تاج پور کی طرف سے آ رہی تیز رفتار بے قابو ٹرک (جس پر سیمنٹ لدی ہوئی تھی) نے پانچ بچوں کو کچل دیا اور پھر ٹرک سڑک کو چھوڑ کر نیچے خالی جگہ میں جا کر رکی۔ حادثہ کے بعد فرار ہو رہے ڈرائیور کو مقامی لوگوں نے کھدیڑ کر پکڑ لیا۔ اس حادثہ سے ناراض لوگوں نے اسکول کے قریب سڑک جام کر دیا۔ خبر ملنے پر تاج پور، مسری گھراری، سرائے رنجن اور ہلئی تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہو گئی ہے۔ صدر ایس ڈی پی او سنجے کمار پانڈے نے بتایا کہ پولیس لاش کو اپنے قبضے میں لے کر چھان بین میں مصروف ہے۔ لوگوں کو سمجھا کر سڑک سے جام ہٹا دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔