سکم میں سڑک حادثہ کے دوران 4 فوجی جوان شہید، راہل گاندھی نے کہا ’ملک آپ کی قربانی کا ہمیشہ مقروض رہے گا‘
سکم میں فوجیوں کی ایک گاڑی گہرے گڈھے میں گر گئی جس سے اس میں سوار 4 جوانوں کی دردناک موت ہو گئی، اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد کانگریس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعہ اظہارِ تعزیت کی ہے۔
آج سکم کے پاکیونگ علاقہ میں فوجیوں کی ایک گاڑی سینکڑوں کلومیٹر گہرے گڈھے میں گر گئی۔ اس حادثہ میں گاڑی پر سوار 4 جوانوں کی دردناک موت ہو گئی۔ اس واقعہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے شدید غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’سکم میں ہوئے سڑک حادثے کے دوران ہماری فوج کے چار جوانوں کی شہادت کی خبر بے حد غمناک ہے۔ میں شہید جوانوں کو پرخلوص خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے غمزدہ کنبوں کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ملک آپ کی خدمات اور قربانی کے تئیں ہمیشہ مقروض رہے گا۔‘‘
کانگریس نے بھی اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے اظہارِ تعزیت کی ہے۔ کانگریس نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سکم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں فوج کے چار جوانوں کی شہادت کی خبر بے حد تکلیف دہ ہے۔ ایشور مرنے والوں کی روح کو سکون اور غمزدہ کنبوں کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔ یہ ملک آپ کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ سکم کے پاکیونگ ضلع میں جمعرات کو ہندوستانی فوج کے چار جوانوں کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ یہ جوان مغربی بنگال کے پیدونگ سے جلوک جا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کے بنّاگوڑی میں تعینات فوج کے ای ایم سی اہلکاروں کو لے جا رہی گاڑی رینوک-رونگلی شاہراہ پر سڑک سے پھسل گیا اور نیچے جنگل میں جا گرا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ گاڑی میں چار لوگ سوار تھے اور سبھی کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی تقریباً 700 فیٹ گہرے گڈھے میں گر گئی جس کی وجہ سے گاڑی پر سوار سبھی جوان شہید ہو گئے۔ مہلوکین کی شناخت مدھیہ پردیش کے سپاہی پردیپ پٹیل، امپھال کے سی ایف این ڈلیو پیٹر، ہریانہ کے نایک گرسیو سنگھ اور تمل ناڈو کے صوبیدار تھنگاپنڈی کی شکل میں ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔