آندھرا پردیش میں خوفناک سڑک حادثہ، بس اور ٹرک کی ٹکر میں 7 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ بے قابو ٹرک ڈیوائیڈر پار کر بس سے ٹکرا گیا جس سے یہ حادثہ سرزد ہوا، اس حادثے میں ہلاک سبھی سات لوگوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور دس سے زائد زخمی ہیں۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

آندھرا پردیش کے پلمنیرو میں ایک ٹرک اور بس کی شدید ٹکر میں سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثہ کی خبر ملنے پر ریاست کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے موجودہ حالات کا جائزہ لیا ہے اور متاثرین کو دی جا رہی طبی امداد کے بارے میں بھی جانکاری لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھرا پردیش ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس بنگلورو کی طرف جا رہی تھی جو چتور ضلع کے پلامنیرو ڈویزن کے پاس موگلی گھاٹ روڈ پر حادثے کا شکار ہوئی جس میں دس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس سڑک حادثہ کی جانکاری دیتے ہوئے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بے قابو ٹرک ڈیوائیڈر پار کر بس سے ٹکرا گی اتھا جس کے سبب یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس افسر نے یہ بھی بتایا کہ حادثہ میں ہلاک سبھی لوگوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔


اس درمیان آندھرا پردیش وزیر اعلیٰ دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے حادثہ کے بارے میں افسران سے بات کی اور انھیں ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کرائیں۔ مہلوکین کے کنبوں کے تئیں انھوں نے اپنی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کے کنبوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ضروری امداد فراہم کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔