خواجہ غریب نواز کا 812واں عرس: کانگریس صدر کھڑگے کی جانب سے عمران پرتاپ گڑھی نے پیش کی چادر
کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا ہے کہ مذہب کا تعلق عقیدے سے ہے سیاست نہیں، لیکن آج ملک میں مذہب کی سیاست ہو رہی ہے جسے وزیر اعظم نریندر مودی ایونٹ مینجمنٹ کی طرح کر رہے ہیں۔
اجمیر: سلطان الہند خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ کے 812 ویں عرس مبارک کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے چادر پیش کی گئی، جسے کانگریس اقلیتی شعبے کے قومی صدر اور ایم پی عمران پرتاپ گڑھی دہلی سے اجمیر لے کر پہنچے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے خواجہ غریب نواز کے آستانے پر چادر پیش کرتے ہوئے ملک کی خوشحالی، امن وامان و بھائی چارے کے لیے دعا کی۔ چادر پیش کرنے کے بعد انہوں نے درگاہ کے بلند دروازے سے عوام کے نام کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنایا۔
اپنے پیغام میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ میں سلطان الہند خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیری کے 812 ویں عرس مبارک کے موقع پر اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی جانب سے چادر روانہ کررہا ہوں۔ اس موقع پر میں خود کو بے حد خوش قسمت تصور کر رہا ہوں۔
خیال رہے کہ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر ہرسال نہایت خلوص، احترام کے ساتھ چادر چڑھائی جاتی ہے۔ چادر پوشی کا یہ عمل وطن کی گنگا جمنی تہذیب، قومی ایکتا، آپسی بھائی چارہ، پیار و محبت، ادب ورواداری کی علامت ہے۔ اس سے پوری دنیا میں یہی پیغام جاتا ہے کہ ہندوستان میں قومی اتحاد اور بھائی چارے کی جڑیں انتہائی گہری ہیں۔
خواجہ غریب نواز کے آستانے پر چار پیشی کے اس موقع پر اقلیتی شعبے کے ریاستی صدر عابد قاضی، ایم ایل اے رفیق خان، امین قاضی، ذاکر حسین، ایم ڈی چوبدار، روبی خان، ڈی سی سی اجمیر صدر وجے جین، سابق وزیر نسیم اختر، انچارج شکیل نواز، معاون انچارج اقبال احمد، انصاف آزاد، اتر پردیش کے انچارج شاکر علی، میڈیا ڈپارٹمنٹ کے انچارج سید عدنان اشرف، مہاراشٹر کے انچارج احمد خان، دہلی کے چیئرمین عبد الواحد قریشی، تابش پٹیل، محمود خان، شمیم علوی، نظام دین قریشی، فہیم قریشی اور لیاقت گدی وغیرہ موجود تھے۔
کانگریس صدر کی جانب سے غریب نواز کے لیے چادر لے کر اجمیر پہنچنے پر سرکٹ ہاؤس میں عمران پرتاپ گڑھی نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مذہب کا تعلق عقیدے سے ہے، سیاست نہیں۔ لیکن آج ملک میں مذہب کی سیاست ہو رہی ہے جسے وزیر اعظم نریندر مودی ایونٹ مینجمنٹ کی طرح کر رہے ہیں اور جس میں میڈیا کو بھی ساتھ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے سماجی، معاشی وسیاسی انصاف کے لیے منی پور سے ممبئی تک 6700 کلومیٹر کا بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کی ہے، جس کا مقصد ملک کی عوام کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گیانواپی مسجد کے وضوخانہ کی ہوگی صفائی، سپریم کورٹ کا حکم
عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ منی پور کو پیار اور مرہم کی ضرورت ہے لیکن مودی اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ وہ نہ پارلیمنٹ میں اس پر کچھ بولتے ہیں اور نہ ہی پارلیمنٹ کے باہر، اسی خاموشی کوتوڑنے کے لیے راہل گاندھی کو بھارت جوڑو نیا یاترا شروع کرنی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی یہ نیائے یاترا ملک کو ایک نئی سمت دے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب ہندوستان متحد ہوتا ہے تو سماج اور مذہب ایک ہوجاتے ہیں۔ نفرت کے بازار میں محبت کی خریداری کے لیے راہل گاندھی نے نیائے یانرا شروع کی ہے۔ آج ہم خواجہ غریب نواز کے آستانے پر دعا کرتے ہیں کہ یہ نیائے یاترا کامیاب ہو تاکہ منی پور کے لوگوں کو سکون اور راحت مل سکے۔
راجستھان کی ایک سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی جیت پر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ بی جے پی نے آخری چال چلتے ہوئے اپنے امیدوار کو بغیر جیتے وزیر بنا دیا، جسے سری گنگا نگر کے لوگوں نے مسترد کرتے ہوئے کانگریس کے امیدوار کو اکثریت سے کامیاب کیا۔ بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسے عوام اور ترقی کی اتنی ہی فکر ہے تو وہ پہلے چرنجیوی یوجنا کو پورے ملک میں نافذ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں ووٹ فیصد کا فرق بہت کم تھا، جسے راجستھان کے عوام پارلیمانی نتخابات میں ختم کر دیں گے۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات سے قبل راجستھان کانگریس اقلیتی شعبہ میں تبدیلیوں کا بھی اشارہ دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔