اگنی ویروں کو 10 فیصد ملازمت ’2 کروڑ سالانہ روزگار‘ کی طرح ہی ایک جملہ ہے: کانگریس

کرنل روہت چودھری نے سوال کیا ہے کہ جب مودی حکومت 15 سال کے تربیت یافتہ فوجی جوانوں کو ملازمت نہیں دے پا رہی ہے تو صرف 4 سال کے تربیت یافتہ اگنی ویروں کو وہ بھلا کہاں سے ملازمت دے گی؟

<div class="paragraphs"><p>اگنی ویر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

اگنی ویر، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

فوج میں 4 سال تک بطور اگنی ویر اپنی خدمات انجام دینے والے جوانوں میں سے ایک چھوٹے حصہ کو حکومت نے مستقل ملازمت دینے کا راستہ ہموار کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگنی ویروں کو ملازمت میں 10 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔ حکومت کے اس دعوے پرکئی سوال اٹھائے جار ہے ہیں۔ حکومت سے پوچھا جا رہا ہے کہ جب فوج کے 15 سالہ تربیت یافتہ جوانوں کو وہ ملازمت نہیں دے پا رہی ہے تو پھر 4 سال کی تربیت حاصل کرنے والے اگنی ویروں کو وہ کہاں سے ملازمت دے گی؟ سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ کیا اگنی ویر تحریری امتحان میں 40 فیصد کے کم از کم پاسنگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں؟

اگنی ویروں کی ملازمت سے متعلق یہ سوال کانگریس پارٹی کے سابق فوجیوں کے شعبے کے سربراہ کرنل روہت چودھری نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگنی ویر کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 10 فیصد ریزرویشن 2 کروڑ نوکریوں جیسا ایک جملہ ہے۔ کرنل روہت چودھری نے سوال کیا ہے کہ کیا 10ویں پاس اگنی ویر جوان 4 سال بعد کوئی بھی سرکاری ملازمت کا پیپر پاس کر سکیں گے؟ ان کا مزید کہنا ہے کہ جب مودی حکومت 15 سال کے تربیت یافتہ فوجی جوانوں کو ملازمت نہیں دے پا رہی ہے تو صرف 4 سال کے تربیت یافتہ اگنی ویر کو وہ بھلا کہاں سے ملازمت دے گی؟


واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اگنی ویروں کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے اگنی ویروں کو اپنی ملازمت کے دوران گریچویٹی کے علاوہ کوئی فائدہ نہ ملنے اور ان کے اہل خانہ کو پنشن سے محروم کرنے پر تنقید کی تھی۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت اگنی ویروں کو ڈسپوزیبل مزدوروں کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہیں شہید کا درجہ بھی نہیں دیتی۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے پارلیمنٹ میں اگنی ویروں کا مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور سی آئی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرلس نے کہا تھا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے سی اے پی ایف میں کانسٹیبل کے 10 فیصد عہدوں کو سابق اگنی ویروں کے لیے محفوظ کر دیا ہے۔ اگنی ویروں کو سینٹرل پولیس فورس میں بھی نوکریاں ملیں گی۔ انہیں جسمانی ٹیسٹ سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔

کانگریس کے سابق فوجیوں کے شعبے کے سربراہ کرنل روہت چودھری نے اگنی ویروں کے لیے اعلان کردہ 10 فیصد ریزرویشن سسٹم پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ کرنل رہوت چودھری نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اگنی ویروں کو جسمانی اور میڈیکل میں چھوٹ دینے کی بات کر رہی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تحریری امتحان میں کیوں چھوٹ دینے کی بات نہیں کہی جا رہی ہے؟ کیا سابق فوجی اور اگنی ویر تحریری امتحان میں 40 فیصد کے کم از کم پاسنگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں؟ یہاں ایک اہم سوال یہ ہے کہ ملک میں شہید ہونے والے 15 اگنی ویروں میں سے 9 کی موت خودکشی و مشکوک حالت میں کیوں ہوئی؟ یہ انتہائی خوفناک صورتحال ہے کہ ایک سال کے اندر 15 اگنی ویر شہید ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔