برطانوی عام انتخابات: ابتدائی رجحانات میں رشی سنک کی پارٹی کافی پیچھے، لیبر پارٹی کو مضبوط برتری

برطانیہ میں جمعرات کو عام انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے جیت رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>کیئر اسٹارمر / آئی اے این ایس</p></div>

کیئر اسٹارمر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لندن: برطانیہ میں جمعرات کو عام انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے جیت رہی ہے۔ وہیں وزیر اعظم رشی سنک کی جماعت کنزرویٹیو پارٹی کافی پیچھے نظر آ رہی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ برطانیہ کے اگلے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر ہوں گے۔ ان کی لیبر پارٹی عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ تین بڑے ٹی وی نیٹ ورکس کی جانب سے کرائے گئے ایگزٹ پولز کے مطابق برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی زبردست کامیابی درج کر رہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں اگلی حکومت کیئر اسٹارمر کی قیادت میں بننے جا رہی ہے۔


ایگزٹ پولز کے مطابق لیبر پارٹی 650 سیٹوں والے ہاؤس آف کامنز میں 410 سیٹیں جیت سکتی ہے۔ جبکہ دائیں بازو کی کنزرویٹو پارٹی یا ٹوریز صرف 131 سیٹیں حاصل کر پائے گی، جو اکثریت سے بہت کم ہے۔ اس سے کنزرویٹو کی 14 سالہ حکومت ختم ہو جائے گی۔ ایگزٹ پولز کے مطابق، لبرل ڈیموکریٹس، جو کبھی کنزرویٹو پارٹی کی اتحادی رہی تھی، کو 61 نشستیں مل سکتی ہیں۔

مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے ووٹنگ ختم ہونے کے چند منٹوں کے اندر جاری کیے گئے ایگزٹ پولز میں کچھ حد تک غلطی کی گنجائش ہے اور باضابطہ طور پر نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسٹارمر انسانی حقوق کے وکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے لیبر پارٹی کو تبدیل کر دیا ہے۔‘

انہوں نے الیکشن کے موقع پر کہا، ’’میں عوام کے لیے لڑوں گا۔ اور میں اپنے عظیم ملک میں امید اور فخر کی بحالی کے لیے جدوجہد کروں گا۔‘‘


اسٹارمر نے ایکس پر کہا، ’’اس الیکشن میں لیبر کے لئے تشہیر کرنے والے تمام لوگوں کو، ہمارے لئے ووٹ کرنے والے اور ہماری تبدیل شدہ لیبر پارٹی پر اپنا اعتماد ظاہر کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ۔‘‘

وہیں ددوسری طرف، رشی سنک نے ابھی تک ہمت نہیں ہاری، تاہم انسٹاگرام پر ایک اسی طرح کا پیغام پوسٹ کیا، ’’سینکڑوں کنزرویٹو امیدواروں، ہزاروں رضاکاروں اور لاکھوں ووٹروں کو، کڑی محنت کے لیے شکریہ۔ آپ کی حمایت اور آپ آپ کے ووٹ کے لئے شکریہ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔