سری لنکا، پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر خاتون ایشیا کپ کے فائنل میں

سری لنکا نے جمعہ کو خاتون ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے جہاں اس کا اتوار کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ خطابی مقابلہ ہوگا

<div class="paragraphs"><p>سری لنکا کی ٹیم / آئی اے این ایس</p></div>

سری لنکا کی ٹیم / آئی اے این ایس

user

یو این آئی

دمبولا: کپتان چماری اتاپٹو (63) کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے جمعہ کو خاتون ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے جہاں اس کا اتوار کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ خطابی مقابلہ ہوگا۔

141 رن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے 19 رن پر دو وکٹ گنوا دیئے۔ وشمی گنارتنے (0) اور ہرشیتھا سماراوکرما (12) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی کاویشا دلہری نے کپتان اٹاپٹو کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کے لیے 59 رن جوڑے۔ سعدیہ اقبال نے 12ویں اوور میں سماراوکرما (17) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔


نیلاکشی ڈی سلوا (صفر)، ہاسینی پریرا (3) اور سوگندھیکا کماری (10) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ انوشکا سنجیوانی 22 گیندوں پر 23 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا کی ٹیم نے 19.5 اوورز میں سات وکٹوں پر 141 رن بنائے اور میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے چار وکٹ حاصل کئے۔ ندا ڈار اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آج یہاں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی منیبہ علی اور گل فیروزہ کی اوپننگ جوڑی نے پاکستان کو سست لیکن اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ 10ویں اوور میں ادیشیکا پربودھنی نے گل فیروزہ کو ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ کروا کر سری لنکا کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد اسی اوور میں پربودھنی نے منیبہ علی کو بولڈ کر کے پاکستان کو دوسرا دھچکا دیا۔


گل فیروزہ نے 24 گیندوں پر 25 رن بنائے۔ منیبہ علی نے 34 گیندوں پر 37 رن کی اننگز کھیلی۔ سدرہ امین (10) اور کپتان ندا ڈار (23) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ فاطمہ ثناء نے 17 گیندوں میں ناٹ آؤٹ (23) اور عالیہ ریاض نے 15 گیندوں میں ناٹ آؤٹ (16) رن بنائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹوں پر 140 رن بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ادیشیکا پربودھنی اور کاویشا دلہری نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔