ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: پاکستان کی گیندبازی اور ہندوستان کی بیٹنگ کے درمیان ہوگا مقابلہ

ایک طرف ہندوستانی ٹیم ہے جو آئرلینڈ کو ہرانے کے بعد اعتماد سے بھری ہوئی ہے تو دوسری جانب امریکا سے چونکانے والی شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم ہے جو اس میچ کو جیت کر مقابلے میں واپسی کی امید کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر: سوشل میڈیا</p></div>

علامتی تصویر: سوشل میڈیا

user

آئی اے این ایس

ٹی 20 ورلڈ کپ میں اتوار (9جنوی) کو ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں نیویارک میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اس زبردست مقابلے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ڈراپ ان پچوں کے حوالے سے بھی سسپنس ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں جب ہندوستان اور پاکستان ٹکرائیں گے تو نیویارک کو اندازہ ہو جائے گا کہ پاک ہندوستان میچ کا سنسنی کیا ہوتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اب تک 12 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے ہندوستان نے 9 اور پاکستان نے 3 جیتے ہیں۔ 2021 کے بعد سے معاملہ برابری کا رہا ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے چار ٹی 20 میچوں میں دونوں نے 2-2 جیتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے حق میں اور بھی مضبوطی سے جاتے ہیں کیونکہ ہندوستان نے 7 میں سے 6 میچ جیتے ہیں۔

ایک طرف ہندوستانی ٹیم ہے جو آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔ دوسری جانب شریک میزبان اور ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والے امریکا سے چونکانے والی شکست جھیل کر آ رہی پاکستان کی ٹیم ہے جو اس میچ کو جیت کر مقابلے میں واپسی کی امید کر رہی ہے۔


نیویارک کی پچ پر تیز گیند بازوں کو مدد مل رہی ہے۔ ایسے میں پاکستان کی جانب سے اگر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد عامر گیند کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں تو کوئی تعجب کی بات نہیں ہوگی۔ ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم بھی پہلا میچ جیت کر زبردست فارم میں ہے۔ مجموعی طور پر یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ میچ بہت سنسنی خیز ہونے والا ہے۔

ریکارڈز کی بات کریں تو ویراٹ کوہلی پاکستان کے خلاف ہندوستان کے محرک رہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی پاکستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں چھائے ہوئے ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنل میں کوہلی نے پاکستان کے خلاف 10 اننگز میں 81.33 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ اس ٹیم کے خلاف ویراٹ کا انداز دوسری ٹیموں سے بالکل مختلف ہے اور جب تک وہ کریز پر موجود رہتے ہیں پاکستان کے گیند بازوں کے پسینے چھوٹتے رہتے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں کوہلی نے پاکستان کے خلاف صرف پانچ اننگز میں 308 رنز بنائے ہیں اور صرف ایک بار آؤٹ ہونے کی وجہ سے ان کی اوسط بھی 308 ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف کوہلی کا یہ سب سے زیادہ رنز اور بہترین اوسط ہے۔ دہشت گردی کے سابقہ ​​خطرے کے پیش نظر اس زبردست مقابلے کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور نیویارک میں ڈراپ ان پچوں کے رجحان پر بھی باتیں ہو رہی ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعتراف کیا ہے کہ نیویارک کی پچز معیاری نہیں ہیں اور وہ یہاں کے بقیہ میچوں کے لیے پچوں پر سخت محنت کر رہے ہیں۔


ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، ویراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یوجوندر یادو چہل، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔

 پاکستانی ٹیم: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زماں، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، سعید ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔