پیرس اولمپکس 2024: ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کے لئے تمغہ جیتنے والے کھلاڑی اب کہاں ہیں؟

ہندوستان نے ٹوکیو اولمپکس میں کل سات تمغے جیتے تھے، جس میں نیرج چوپڑا کا طلائی تمغہ اور مردوں کی ہاکی ٹیم کا کانسی کا تمغہ شامل تھا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے 117 کھلاڑی پیرس اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنے کے لئے پہنچ چکے ہیں اور ان سے ملک کی امیدیں وابستہ ہیں۔ ہندوستان نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کل سات تمغے جیتے تھے اور انہیں حاصل کرنے والوں میں سے پانچ کھلاڑی ہی موجودہ اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں۔

اسٹار جیولین تھروور نیرج چوپڑا ایک بار پھر ملک کے سب سے بڑے تمغے کی امید ہیں۔ نیرج نے ٹوکیو میں ایتھلیٹکس کے انفرادی مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ پیرس میں بھی وہ مردوں کی جیولین تھرو ایونٹ میں تمغہ حاصل کرنے کے لئے نیزہ پھینکیں گے۔


ٹوکیو میں ہندوستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتنے والی خاتون ویٹ لفٹر میرا بائی چانو اس بار بھی 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کا چیلنج پیش کریں گی۔ میرا بائی چانو نے ہی ٹوکیو میں ہندوستان کے لئے سب سے پہلا تمغہ حاصل کیا تھا۔ خاتون باکسر لولینا بورگوہین نے ٹوکیو میں ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس بار وہ 75 کلوگرام وزن کے زمرے میں رنگ میں اتریں گی۔

ہندوستان کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو نے ٹوکیو اولمپکس میں خواتین کے سنگلز مقابلے میں ملک کو کانسی کا تمغہ دلایا تھا۔ اس بار بھی وہ اولمپک گولڈ میڈل کی ہیٹ ٹرک کرنے کی کوشش میں میدان میں اتریں گی۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے لیے ٹوکیو میں کانسی کا تمغہ جیتنا ایک جذباتی لمحہ تھا۔ یہ ٹیم ایک بار پھر میڈل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے پیرس میں سخت جدوجہد کرے گی۔ تاہم خواتین کی ہاکی ٹیم اس بار کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔


ٹوکیو میں ہندوستان کے لیے ریسلنگ کے دو تمغے جیتنے والے دو پہلوان اس بار اولمپکس کا حصہ نہیں ہیں۔ روی کمار دیا نے ٹوکیو اولمپکس میں مردوں کے 57 کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ ٹوکیو اولمپکس کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا بھی پیرس اولمپکس کا حصہ نہیں ہیں۔ اس بار روی کمار اور بجرنگ پونیا سلیکشن ٹرائلز میں ہارنے کے بعد اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔