پیرس اولمپک 2024: ایک طرف منو بھاکر اور سربجوت سنگھ نے پیدا کی تمغہ کی امید، دوسری طرف رمیتا جندل ہوئی باہر
منو بھاکر اور سربجوت سنگھ نے شوٹنگ کے مکسڈ مقابلے میں تمغہ کی امید روشن کر دی ہے جہاں ان کا مقابلہ منگل کے روز کوریا سے ہوگا۔
ہندوستان کو پیرس اولمپک 2024 میں پہلا تمغہ دلانے والی منو بھاکر نے سربجوت سنگھ کے ساتھ پیر کے روز 10 ایم ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے کے برانز میڈل مقابلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ منو بھاکر نے اتوار کے روز خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا اور اولمپک تمغہ جیتنے والی وہ پہلی ہندوستانی خاتون نشانہ باز بن گئیں۔ ہندوستان کو انھوں نے اولمپک کی نشانہ بازی رینج پر 12 سال بعد تمغہ دلایا تھا۔
منو اور سربجوت نے مکسڈ ٹیم مقابلے میں تمغہ کے دور میں داخل کیا ہے جہاں منگل کے روز ان کا مقابلہ کوریا سے ہوگا۔ یہ مقابلہ کانسے کے تمغہ کے لیے ہوگا۔ یعنی جیتنے والی ٹیم کو برانز میڈل ملے گا۔ اگر ہندوستان کو اس مقابلے میں کامیابی ملی تو منو بھاکر ایک ہی اولمپک سیزن میں دو تمغہ حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گی۔
دوسری طرف ہندوستان کی رمیتا جندل خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے کے فائنل میں ساتویں مقام پر رہیں، یعنی وہ کوئی تمغہ حاصل نہیں کر سکیں۔ رمیتا نے آٹھ نشانہ بازوں کے فائنل میں 145.3 اسکور کیا۔ وہ 10 شاٹ کے بعد ساتویں مقام پر تھیں جب الیمنیشن شروع ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے 10.5 کا شاٹ لگا کر چھٹا مقام حاصل کیا اور ناروے کی ہیگ لینیٹ ڈسٹاڈ باہر ہو گئیں۔ اگلے شاٹ پر رمیتا بھی باہر ہو گئیں۔
اتوار کو جب کوالیفاکیشن راؤنڈ ہوا تھا تو رمیتا نے پانچواں مقام حاصل کی اتھا۔ ہانگژوؤ ایشیائی کھیلوں میں برانز میڈل جیتنے والی رمیتا نے عالمی چمپئن شپ میڈل جیتنے والی میہول گھوس اور تلوتما سین کو گھریلو ٹرائل میں شکست دے کر پیرس کا ٹکٹ کٹایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔