کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا جلوہ جاری، کشتی میں 4 مزید تمغے کنفرم
دیپک پونیا نے آج سیمی فائنل میں جیت حاصل کر کشتی میں ہندوستان کا چوتھا تمغہ پکا کیا، ہندوستانی پہلوان نے کناڈا کے الیکزنڈر مور کو 86 کلوگرام زمرہ میں 1-3 سے شکست دی۔
کامن ویلتھ گیمز 2022 کے آٹھویں دن ہندوستانی کھلاڑیوں کا شاندار مظاہرہ جاری ہے۔ انشو ملک، دیپک پونیا، بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے اپنے اپنے مقابلوں کے فائنل میں جگہ پختہ کر لی ہے۔ اس طرح کشتی میں ہندوستان کے 4 مزید تمغے کنفرم ہو گئے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں اب تک ہندوستان کی کارکردگی کی بات کریں تو 20 تمغے حاصل ہو چکے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے 6 طلائی، 7 نقرئی اور 7 کانسے کا تمغہ حاصل کیا ہے، اور اس میں کم از کم نصف درجن تمغے تو جڑنے ہی والے ہیں۔
دیپک پونیا نے آج سیمی فائنل میں جیت حاصل کر کشتی میں ہندوستان کا چوتھا تمغہ پکا کیا۔ ہندوستانی پہلوان نے کناڈا کے الیکزنڈر مور کو 86 کلوگرام زمرہ میں 1-3 سے شکست دی۔ حالانکہ ہندوستان کے موہت گریوال کناڈا کے امرویر ڈھیسی کے خلاف ہار گئے۔ دوسری طرف بجرنگ پونیا نے بھی سیمی فائنل میچ میں جیت درج کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ بجرنگ پونیا نے انگلینڈ کے جارج ریم کو 65 کلوگرام زمرہ میں 0-10 سے شکست دی۔
اس کے علاوہ ساکشی ملک بھی اپنا میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی ساکشی ملک نے ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ کی امید روشن کر دی ہے۔ انھوں نے 62 کلوگرام زمرہ کے سیمی فائنل میں کیمرون کی برتھ امیلینے کو 0-10 سے شکست دی۔ حالانکہ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ چاروں ہندوستانی پہلوان میں کون کون میڈل کو گولڈ میڈل میں تبدیل کر پاتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔