ممتا بنرجی کی وزیر اعظم مودی اور صدر دروپدی مرمو سے ملاقات، آخر کیا ہوئی بات؟
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کی میٹنگ ہوئی، یہ ملاقات وزیر اعظم کی رہائش پر ہوئی، اور پھر اس کے بعد ممتا بنرجی نے نومنتخب صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کھل کر آواز اٹھانے والی اور مرکز کی پالیسیوں کی شدید تنقید کرنے والی مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جمعرات کو چار روزہ دورہ پر دہلی پہنچیں، اور جمعہ کو انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی کر لی۔ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کے بعد صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کی جن کے خلاف انھوں نے یشونت سنہا کو صدارتی امیدوار بنایا تھا۔ ان دونوں ملاقاتوں کے بعد سیاسی گلیارے میں گہما گہمی شروع ہو گئی ہے اور قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ آخر ممتا بنرجی نے خصوصاً وزیر اعظم نریندر مودی سے کیا بات کی ہوگی!
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کی میٹنگ ہوئی۔ یہ ملاقات وزیر اعظم کی رہائش پر ہوئی جس میں مغربی بنگال کے بقایہ جی ایس ٹی جاری کرنے کے ساتھ کچھ دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) نے دونوں کی ملاقات کی ایک تصویر ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔
اس ملاقات کے دوران ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو ایک عرضداشت سونپا جس میں کہا گیا ہے کہ دیہی روزگار منصوبہ ’منریگا‘، پی ایم-آواس یوجنا اور پی ایم-گرامین سڑک یوجنا کے لیے طے بجٹ جلد جاری کرنے کے لیے کئی بار گزارش کی گئی ہے اور اس طرف توجہ دی جانی چاہیے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان منصوبوں کے تحت ریاست کو قابل ادا رقم اب تقریباً 17996.32 کروڑ روپے ہے۔
عرضداشت کے مطابق مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو 31 جولائی 2022 تک جو رقم بقایہ ہے وہ تقریباً 100968.44 کروڑ روپے ہونے کا اندازہ ہے۔ ممتا بنرجی نے کئی مرتبہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر ریاستوں، خصوصاً اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ حکمراں ریاستوں کو جی ایس ٹی کی ادائیگی میں تاخیر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نومنتخب صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ اس سے قبل ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے دہلی میں ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی کے بھتیجے اور پارٹی جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی میٹنگ کے دوران کافی بے باک تھے اور انھوں نے مشورہ دیا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آخری دنوں میں اراکین پارلیمنٹ کو کون کون سے ایشوز اٹھانے چاہئیں۔ دونوں نے واضح طور سے پارٹی اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ بی جے پی سے خوفزدہ نہ ہوں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔