دہلی: چندریان-3 کی کامیابی پر وزیر تعلیم آتشی کا اظہارِ خوشی، سینکڑوں طلبا کے ساتھ تاریخی لمحہ کا براہ راست کیا مشاہدہ

وزیر تعلیم آتشی نے اپنے بیان میں کہا کہ "چندریان-3 ہندوستان کے لیے شروعات ہے، وہ دن دور نہیں جب ہندوستان اپنے خلائی پروگرام کی وجہ سے پوری دنیا کے لیے ایک مثال بنے گا۔"

<div class="paragraphs"><p>اسکولی طلبا کے ساتھ دہلی کی وزیر تعلیم آتشی</p></div>

اسکولی طلبا کے ساتھ دہلی کی وزیر تعلیم آتشی

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: چاند پر چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ کے ساتھ آج ہندوستانی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہوا ہے۔ اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے وزیر تعلیم آتشی نے کوٹلیہ سروودے کو-ایڈ ودیالیہ، چراغ دہلی کے طلبا کے ساتھ چندریان-3 کے چاند پر اترنے کا براہ راست ٹیلی کاسٹ دیکھا۔ جیسے ہی وکرم لینڈر نے 6:04 منٹ پر چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کی، پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور 'بھارت ماتا کی جئے' کے نعرے بلند ہونے لگے۔

اس موقع پر وزیر تعلیم آتشی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "آج ہندوستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ ہندوستان کسی سے کم نہیں، اور اپنے خلائی پروگرام کے لیے پرعزم ہے۔ ہندوستان اب بہت آگے ہے، بہت سے ترقی یافتہ ممالک کو اس نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے ہمارے سائنسدانوں کی دن رات کی محنت اور عزم ہے۔"


آتشی کا کہنا ہے کہ "ہندوستان نے اپنے پہلے سیٹلائٹ آریہ بھٹہ سے چندریان-3 تک بہت طویل فاصلہ طے کیا ہے اور شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ یہ غیر معمولی کامیابی جو ہم نے آج حاصل کی ہے وہ ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا کام کریں گی، اور ان میں سائنس کے لیے مزید کشش پیدا کریں گی۔" طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر آتشی نے اس کامیابی کی اہمیت اور ہندوستان کے سائنسی میدان پر اس کے گہرے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ "آج ہمارے طلباء نے تاریخ رقم ہوتی دیکھی ہے۔ یہ کامیابی انہیں ملک کے بہتر مستقبل کے لیے مزید شاندار اور اختراعی امکانات تلاش کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ کامیابی سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں ملک کے لیے نئی کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دیں گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ہندوستان کے لیے شروعات ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان اپنے خلائی پروگرام کی وجہ سے پوری دنیا کے لیے ایک مثال بن جائے گا۔"

آتشی نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آج بحیثیت طالب علم آپ ہمارے سائنسدانوں کا یہ کارنامہ دیکھ رہے ہیں۔ اگر آپ بھی لگن سے مطالعہ کریں تو وہ دن دور نہیں جب مستقبل میں ایک خلائی سائنسدان کے طور پر آپ ہندوستان کے لیے عظیم خلائی پروگرام تیار کریں گے اور تب پورا ہندوستان آپ سے تحریک لے گا۔


واضح رہے کہ آج صبح سے ہی چندریان-3 کی لینڈنگ کو لے کر کیجریوال حکومت کے ماتحت چلنے والے اسکولوں کے بچوں میں تجسس دیکھنے کو مل رہا تھا۔ اسکولوں میں تہوار کا ماحول تھا اور طلباء نے پینٹنگز، انسانی زنجیر، پوسٹر وغیرہ بنا کر اور اسرو کو نیک خواہشات پیش کر کے اپنے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے بھی مختلف اسکولوں میں براہ راست نشریات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ طلبا اس تاریخی لمحے کا براہ راست مشاہدہ کر سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔