'سبھی سائنسدانوں کو سلام'، چاند کی سطح پر چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ کے بعد کھڑگے نے جاری کیا ویڈیو پیغام

ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہم اپنے سائنسدانوں، خلائی انجینئرس، محققین اور اس مشن کو کامیاب بنانے میں شامل سبھی لوگوں کی لگن، سخت محنت اور خود سپردگی کو سلام کرتے ہیں۔"

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چندریان-3 نے ہندوستان کو آج اس وقت فخر کا لمحہ فراہم کیا جب چاند کے جنوبی قطب پر وکرم لینڈر نے کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کی۔ اِسرو کے سائنسدانوں کی محنت شاقہ کے سبب ہندوستانیوں کو فخر کا یہ موقع میسر ہوا ہے، اس لیے سبھی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے چندریان-3 کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر سائنسدانوں کو سلام پیش کیا ہے اور آج خلائی شعبہ میں ملی کامیابی کو ہر ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی قرار دیا ہے۔

اپنے پیغام میں ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ "میرے پیارے ملکی باشندوں، چندریان-3 کی کامیابی ہر ایک ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی ہے۔ ہم سب کے لیے یہ فخر کی بات ہے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں نے اپنے چھ دہائی قدیم خلائی پروگرام میں آج مزید ایک حصولیابی دیکھی۔ ہم اپنے سائنسدانوں، خلائی انجینئرس، محققین اور اس مشن کو کامیاب بنانے میں شامل سبھی لوگوں کی لگن، سخت محنت اور خود سپردگی کو سلام کرتے ہیں۔"


کھڑگے نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ "2008 میں جب چندریان-1، ایم آئی پی (مون امپیکٹ پروب) ہندوستانی پرچم لے کر چاند کی سطح پر اترا، تب ہندوستان چاند کی سطح پر کسی سائنسی مشین کو اتارنے والا چوتھا ملک بن گیا تھا۔ آج چندریان-3 کے ذریعہ سے ہم نے دنیا کے سامنے اپنی شاندار سائنسی صلاحیت کی تعریف پیش کی ہے۔ وکرم لینڈر اور پرگیان رووَر کی بہترین سافٹ لینڈنگ ڈاکٹر ہومی بھابھا، ڈاکٹر وکرم سارابھائی، ڈاکٹر ستیش دھون، ڈاکٹر میگھ ناد ساہا، ڈاکٹر شانتی سوروپ بھٹناگر، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور ان سبھی عظیم سائنسدانوں کو ایک سچی خراج عقیدت ہے جنھوں نے ہندوستان کو خلائی تحقیق اور سائنسی مہارت میں بے پناہ کامیابی دلائی۔"

کانگریس صدر کھڑگے نے اپنے پیغام میں چندریان-3 کی کامیابی کو پنڈت جواہر لال نہرو کے ویژن کا ثبوت بھی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ "یہ حصولیابیاں پنڈت جواہر لال نہرو کے ویژن کا ثبوت ہیں جنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی رجحان ہی ایک آزاد ملک کی ترقی کے جذبہ کو آگے بڑھا سکتا ہے۔ ان کے لیے سائنس لوگوں کی زندگی میں تیزی سے تبدیلی لانے کا اہم ذریعہ تھا۔ ہندوستان کے دیگر وزرائے اعظم نے بھی اس جذبہ کو آگے بڑھایا۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "آریہ بھٹ مشن ہو یا راکیش شرما کا خلائی سفر، یا پھر اس کے بعد کے دیگر مشن ہوں، ہندوستان نے خلائی تحقیق اور تلاش میں ایک طویل اور کامیاب سفر طے کیا ہے۔"


اپنے پیغام کے آخر میں کھڑگے نے کہا کہ "کانگریس پارٹی نے ہمیشہ عالمی امن اور بھائی چارے کو آگے بڑھانے میں یقین کیا ہے۔ آج وکرم لینڈر کا چاند کی سطح پر اترنا، پرامن اور ویلفیئر مقاصد کے لیے سائنس کا استعمال کرنے کے ہمارے عزائم کی تصدیق ہے۔ سب کو مبارکباد۔ جئے ہند، جئے وِگیان۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔