’واٹس ایپ انڈیا‘ کے ہیڈ ابھجیت بوس اور ’میٹا انڈیا‘ کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر راجیو اگروال نے استعفیٰ کا کیا اعلان
فوری طور پر شیوناتھ ٹھکرال کو واٹس ایپ انڈیا سمیت میٹا کے سبھی پلیٹ فارمس کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، اس سے قبل شیوناتھ واٹس ایپ انڈیا کے پبلک پالیسی ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ تھے۔
میٹا، ٹوئٹر اور امیزون جیسی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر ہو رہی چھنٹنی کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میسجنگ ایپ ’واٹس ایپ انڈیا‘ کے چیف ابھجیت بوس اور ’میٹا انڈیا‘ کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر راجیو اگروال نے اپنے اپنے عہدے سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان دونوں افسران کے استعفوں نے ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فوری طور پر شیوناتھ ٹھکرال کو واٹس ایپ انڈیا سمیت میٹا کے سبھی پلیٹ فارمس کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل شیوناتھ واٹس ایپ انڈیا کے پبلک پالیسی ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب واٹس ایپ اور فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اپنے 11000 ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا دیا تھا۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا انڈیا کے انڈیا چیف اجیت موہن نے اس ماہ کے شروع میں ہی استعفیٰ کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی میں لگاتار ہو رہی اس طرح کی ہلچل نے کئی طرح کے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
بہرحال، ابھجیت بوس کے استعفیٰ سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے واٹس ایپ کے ہیڈ وِل کیتھکارٹ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’میں ابھجیت بوس کا واٹس ایپ کی طرف سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انھوں نے واٹس ایپ انڈیا ہیڈ کے طور پر بہت شاندار کام کیا ہے۔ اس سے ملک بھر کے کروڑوں لوگوں اور بزنس کو فائدہ ملا ہے۔ واٹس ایپ انڈیا آگے بھی ہندوستان میں بزنس کو بڑھانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔‘‘ ساتھ ہی کیتھکارٹ نے کہا کہ جلد ہی واٹس ایپ انڈیا کے ہیڈ کی تقرری کی جائے گی۔
دوسری طرف میٹا انڈیا کے پبلک پالیسی ڈائریکٹر راجیو اگروال کے بارے میں کمپنی نے بتایا ہے کہ انھوں نے کسی بہتر موقع کی تلاش میں استعفیٰ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واٹس ایپ انڈیا نے دونوں (ابھجیت بوس اور راجیو اگروال) کو بہتر مستقبل کی مبارکباد پیش کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔