روس-یوکرین جنگ خطرناک موڑ پر، روس نے داغی 100 میزائلیں، کیف پر حملہ تیز ہوتے ہی بلیک آؤٹ کا اعلان
منگل کے روز روسی فوجی کی طرف سے کیف پر دو خطرناک میزائل حملے میں دو رہائشی عمارتوں کو ہدف بنایا گیا ہے، حملے کے بعد شہر میں خطرے کا سائرن بھی بجنے لگا تھا۔
روس-یوکرین جنگ میں گزشتہ کچھ دنوں سے سستی دکھائی دے رہی تھی اور یوکرینی صدر ولودمیر زیلینسکی نے تو خراسان سے روسی فوجیوں کی واپسی کو روس-یوکرین جنگ کے اختتام کی شروعات قرار دے دیا تھا۔ لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق روس-یوکرین جنگ اس وقت خطرناک موڑ پر ہے۔ 15 نومبر کو کیف میں 2 زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ کیف کی دو عمارتوں کو ہدف بنا کر کیا گیا میزائل حملہ تھا۔ دھماکہ کی آواز کے بعد لوگوں نے دھوئیں کا غبار اٹھتے ہوئے دیکھا۔ ایسا لگتا ہے جیسے یوکرین کی کچھ جگہوں سے بھلے ہی روسی فوجیوں نے اپنے قدم واپس کھینچ لیے ہیں، لیکن کیف پر انھوں نے حملہ تیز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز روسی فوجی کی طرف سے کیف پر دو خطرناک میزائل حملے میں دو رہائشی عمارتوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ حملے کے بعد شہر میں خطرے کا سائرن بھی بجنے لگا تھا۔ خراسان سے روسی فوج کی واپسی کے بعد یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔ خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ یوکرین کی طرف سے تعینات ایئر ڈیفنس سسٹم نے روس کے کئی میزائلوں کو مار گرایا ہے۔ روسی حملے کو پیش نظر رکھتے ہوئے یوکرینی افسران نے ’بلیک آؤٹ‘ کا اعلان کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ روس نے پاور پلانٹ اور دیگر اداروں پر حملہ کیا جس کے فوراً بعد راجدھانی کیف سمیت دیگر مقامات پر بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرس کے مطابق یوکرینی صدر ولودمیر زیلینسکی نے بالی میں میٹنگ کر رہے 20 ممالک کے گروپ کے لیڈروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا اور ان کے اس خطاب کے کچھ گھنٹوں بعد ہی یوکرین میں ہوائی حملے کا الرٹ دیا گیا۔ اس الرٹ کے بعد دو دھماکے ہوئے جس کی گونج کیف شہر نے سنی۔ یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روس نے ملک بھر میں تقریباً 100 میزائلیں داغیں جن میں سے بیشتر کو مار گرایا گیا۔
یوکرین کے ایک سینئر افسر نے موجودہ حالات کو ’سنگین‘ قرار دیا ہے اور یوکرینی باشندوں سے بجلی کے استعمال میں تخفیف کرنے کی گزارش کی ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ڈی ٹی ای کے نے راجدھانی میں ایمرجنسی ’بلیک آؤٹ‘ کا اعلان کیا۔ اس درمیان کیف کے میئر وٹالی کلٹسکو نے کہا کہ شہر میں ایک رہائشی عمارت میں ایک لاش ملی ہے۔ روس نے غالباً اسی عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔