فیس بک اور ٹک ٹاک نے طالبان کو فروغ دینے والے مواد پر پابندی جاری رکھنے کا کیا اعلان

فیس بک کے ایک نمائندے نے کہا کہ طالبان پر فیس بک نے کئی سالوں سے پابندی عائد کر رکھی ہے اور اس تنظیم کے بنائے گئے تمام اکاؤنٹس کو ہٹا دیا گیا ہے۔

علامتی تصویر سوشل میڈیا
علامتی تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا سائٹس فیس بک اور ٹک ٹاک نے کہا ہے کہ وہ طالبان کے افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد تنظیم کو فروغ دینے والے مواد پر پابندیاں ختم نہیں کریں گے۔ سی این بی سی نے یہ اطلاع سوشل میڈیا کے اہم لوگوں کے بیان کے حوالے سے دی۔ چینل نے فیس بک کے حوالے سے کہا کہ ’’امریکی قانون کے تحت طالبان کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے اور ہم نے اپنی ’خطرناک تنظیمی پالیسیوں‘ کے ایک حصے کے طور پر انھیں اپنی خدمات پر پابندی لگا دی ہے۔‘‘

فیس بک کے ایک نمائندے نے کہا کہ طالبان پر فیس بک نے کئی سالوں سے پابندی عائد کر رکھی ہے اور اس تنظیم کے بنائے گئے تمام اکاؤنٹس کو ہٹا دیا گیا ہے۔ افغان شہریوں کی ایک خصوصی ٹیم فیس بک کے ساتھ مل کر طالبان کی تعریف کرنے والے اکاؤنٹس کی شناخت کے لیے کام کر رہی ہے۔


اس دوران ٹک ٹاک نے کہا ہے کہ اس نے طالبان کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے اور وہ تنظیم کو فروغ دینے والے مواد کو ہٹاتا رہے گا۔ واضح رہے کہ اتوار کو طالبان نے افغانستان کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیا۔ اشرف غنی نے کہا کہ انہوں نے تشدد روکنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ دہشت گرد دارالحکومت کابل پر حملہ کرنے کے لیے تیار تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔