فلائٹ ایس یو 232 میں بم کی اطلاع سے افرا تفری، دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ، تحقیقات جاری

طیارہ میں بم کی خبر ملنے کے بعد اسے دہلی ایئرپورٹ کے رَنوے 29 پر اتارا گیا، آناً فاناً میں فلائٹ سے 386 مسافروں اور 16 کرو ممبرس کو بہ حفاظت نکالا گیا۔

طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایئرلائنس کو تکنیکی خرابیوں کے ساتھ ساتھ آج کل کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ماسکو سے دہلی آ رہی ایک فلائٹ میں بم کی خبر نے افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ مسافر طیارہ میں بم کی یہ اطلاع 13 اکتوبر کی دیر رات میں ملی اور اچھی بات یہ ہے کہ جمعہ کی علی الصبح تقریباً 3.20 بجے اس طیارہ کی لینڈنگ کے بعد فوراً سبھی مسافروں اور پائلٹ ٹیم کو بہ حفاظت باہر نکال لیا گیا۔

دہلی پولیس نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سبھی مسافروں کو فلائٹ سے اتار دیا گیا ہے اور طیارہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ماسکو سے دہلی آ رہی فلائٹ نمبر ایس یو 232 میں بم کی اطلاع جمعرات کی شب تقریباً 11.15 بجے ملی تھی۔ اس کے بعد چاروں طرف افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ طیارہ میں بم کی خبر ملنے کے بعد اسے دہلی ایئرپورٹ کے رَنوے 29 پر اتارا گیا۔ آناً فاناً میں فلائٹ سے 386 مسافروں اور 16 کرو ممبرس کو بہ حفاظت نکالا گیا۔ فوری طور پر طیارہ کی تلاشی لی گئی اور بم اسکواڈ کو فی الحال کسی طرح کا بم برآمد نہیں ہوا ہے۔


بم کی خبر ملنے کے بعد دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکورٹی سخت کرتے ہوئے پورے ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ فون کہاں سے آیا اور بم کی خبر میں کتنی سچائی ہے، اس سلسلے میں ابھی کسی بھی افسر کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ چند روز پہلے ہی ایران سے چین جا رہی فلائٹ میں بم کی اطلاع دی گئی تھی، لیکن بعد میں وہ محض افواہ ثابت ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔