گجرات کے مندرا پورٹ سے 17 کروڑ روپے کی غیر ملکی سگریٹ برآمد، تین افراد گرفتار، پوچھ تاچھ جاری

گجرات کے کَچھ میں موجود مندرا پورٹ سے سگریٹ کا جو ذخیرہ برآمد ہوا ہے وہ 850 کارٹن میں ہے۔ ڈی آر آئی کے مطابق سگریٹ کے کنسائنمنٹ کے ساتھ تین لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مندرا پورٹ، تصویر آئی اے این ایس
مندرا پورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

گجرات میں صنعت کار گوتم اڈانی کا مندرا پورٹ (مندرا بندرگاہ) ایک بار پھر سرخیوں میں آ گیا ہے۔ بڑی مقدار میں ڈرگس برآمد ہونے کی خبروں سے سرخیوں میں آنے والے اس مندرا پورٹ سے اب کثیر مقدار میں غیر ملکی سگریٹ برآمد ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برآمد غیر ملکی سگریٹ کی تعداد تقریباً 86.5 لاکھ ہے اور اس کی قیمت کا اندازہ تقریباً 17 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔

گجرات کے کَچھ میں موجود مندرا پورٹ سے سگریٹ کا جو ذخیرہ برآمد ہوا ہے وہ 850 کارٹن میں ہے۔ ڈی آر آئی کے مطابق یہ کارٹن 11 اکتوبر کو پکڑی گئی تھی اور سگریٹ کے کنسائنمنٹ کے ساتھ تین لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری ایک دو روز میں حاصل ہو سکے گی۔


اس سے قبل مندرا پورٹ پر کثیر مقدار میں ڈرگس برآمد کیا جا چکا ہے۔ بلکہ ڈرگس تو اس بندرگاہ پر کئی بار برآمد ہو چکے ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ مندراپورٹ پر اڈانی کی خود کی سیکورٹی ہے، جبکہ ملک کے دیگر پورٹ پر صنعتی سیکورٹی فورس نگرانی کرتا ہے۔ مندرا پورٹ پر اب تک اربوں روپے کی نشیلی اشیاء برآمد ہو چکی ہیں اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ ہر بار نشیلی اشیاء کا ذخیرہ پکڑے جانے کے باوجود پورٹ یا اڈانی گروپ کے خلاف کوئی بڑی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔