شعیب بشیر کے بعد انگلینڈ کے کرکٹر ریحان احمد کو مشکلات کا سامنا، راجکوٹ ایئرپورٹ پر روکا گیا

ریحان احمد کے پاس سنگل انٹری ویزا تھا جس وجہ سے انھیں ایئرپورٹ پر روکا گیا، کافی مشقت کے بعد ریحان کو ٹیم کے ساتھ ہوٹل جانے کی اجازت مل گئی، لیکن کاغذات 24 گھنٹے میں درست کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ریحان احمد، تصویر آئی اے این ایس
ریحان احمد، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ایک بار پھر انگلش کرکٹ ٹیم کے مسلم کھلاڑی کو ہندوستانی ایئرپورٹ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کی وجہ نامکمل کاغذات ہی ہیں، لیکن اس مرتبہ شعیب بشیر کی جگہ ریحان احمد کے لیے مسائل کھڑے ہوئے ہیں۔ دراصل انگلینڈ کی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ابوظبی سے ہندوستان واپس لوٹ چکی ہے۔ ٹیم ہندوستان سے دوسرا ٹیسٹ ہارنے کے بعد پریکٹس کے لیے ابوظبی چلی گئی تھی۔ اب ٹیم راجکوٹ پہنچی ہے جہاں 15 فروری سے ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راجکوٹ کی ایئرپورٹ اتھارٹی نے چیکنگ کے دوران پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر ریحان احمد کو روک لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریحان احمد کے پاس سنگل انٹری ویزا تھا، جس کی وجہ سے انھیں ایئرپورٹ پر ہی روک دیا گیا۔ کافی دیر کی مشقت کے بعد ریحان احمد کو انگلینڈ ٹیم کے ساتھ ہوٹل جانے کی اجازت تو مل گئی، لیکن یہ معاملہ ہنوز سلجھ نہیں سکا ہے۔


رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ریحان احمد کو راجپورٹ ایئرپورٹ سے ٹیم کے ساتھ ہوٹل جانے کی اجازت تو ملی ہے، لیکن 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن کے ساتھ۔ یہ 24 گھنٹے انھیں اپنے کاغذات درست کرنے کے لیے دیے گئے ہیں۔ انگلینڈ کے لیگ اسپنر ریحان احمد کو یہ کام راجکوٹ میں تیسرے ٹیسٹ میچ کے شروع ہونے سے پہلے کرنا ہوگا۔

بی سی سی آئی کے ایک افسر کے حوالے سے انگریزی روزنامہ ’ہندوستانی ٹائمز‘ نے لکھا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم کو پھر سے ریحان کا ویزا بنوانے کے لیے کہا گیا ہے۔ یہ کام انھیں دو دن میں کرنا ہے۔ تب تک کے لیے لیگ اسپنر کو ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کے ساتھ ہندوستان میں رہنے کی اجازت ہے۔ وہ منگل کو ہونے والی پریکٹس میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔