کیا سسودیا کے بعد کیجریوال کو بھی ملے گی ضمانت؟ سی بی آئی کیس پر سپریم کورٹ میں 20 اگست کو سماعت

تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سی بی آئی کی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے

وزیر اعلی دہلی اروند کیجریوال
وزیر اعلی دہلی اروند کیجریوال
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا 17 مہینوں بعد جیل سے باہر آ چکے ہیں اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کارکنوں میں اس کی خوشی بھی دیکھی جا رہی ہے۔ اب سب کی نظریں اروند کیجریوال کی رہائی پر مرکوز ہیں۔ تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مبینہ شراب گھپلہ معاملے میں سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے، جس پر 20 اگست کو سماعت ہوگی۔ کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے عرضی پر 20 اگست کو سماعت کی درخواست کی تھی، جسے سپریم کورٹ نے قبول کر لیا۔

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سی بی آئی کی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ان کے وکیل منو سنگھوی نے سوموار کو عدالت میں پیشی کے دوران چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ سے معاملہ پر غور کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر سی جے آئی نے ابھیشیک سنگھوی کو اس معاملے پر ای میل کرنے کو کہا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپنی عرضی میں دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج پیش کیا ہے۔


انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) والے معاملے میں اروند کیجریوال کو پہلے ہی عبوری ضمانت مل چکی ہے لیکن سی بی آئی والے معاملے میں انہیں اب تک ضمانت کا انتظار ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے ان کی عرضی خارج کرتے ہوئے ان کو ٹرائل کورٹ میں جانے کو کہا تھا۔ واضح ہو کہ کیجریوال کی گرفتاری کو دہلی ہائی کورٹ نے صحیح قرار دیتے ہوئے اسے برقرار رکھا تھا اور عدالت نے کہا تھا کہ سی بی آئی نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس کی کارروائی دشمنی سے متاثر نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔