میڈل جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا دہلی ایئرپورٹ پر والہانہ استقبال

سُمیت والمیکی نے شاندار استقبال پر کہا "بہت اچھا لگ رہا ہے، پورا ہندوستان ہمیں پیار بھیج رہا ہے، ہمیں اور پیار کریں، ہم اور بہتر مظاہرہ کریں گے۔"

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی&nbsp; ہاکی ٹیم / آئی اے این ایس</p></div>

ہندوستانی ہاکی ٹیم / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پیرس اولمپکس 2024 میں برانز میڈل جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم منگل کو دہلی پہنچی۔ اس دوران ایئرپورٹ پر گول کیپر شریجیش سمیت ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں کا ڈھول باجوں کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔ حالانکہ ٹیم پیرس سے 10 اگست کو ہی ملک واپس آ گئی تھی اور اس کے بعد ٹیم نے امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں ماتھا ٹیکا تھا لیکن آج وہ دہلی پہنچی ہے جہاں شائقین اپنے کھلاڑیوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

ہاکی میں برانز میڈل جیتنے والی ٹیم کے رکن سمیت والمیکی نے مداحوں کے ذریعہ کئے گئے اس شاندار استقبال پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا "بہت اچھا لگ رہا ہے، پورا ہندوستان ہمیں پیار بھیج رہا ہے، آپ پورے ملک میں ماحول دیکھ سکتے ہیں، ہمیں اور پیار کریں، ہم اور بہتر مظاہرہ کریں گے۔" اس موقع پر انہوں نے گول کیپر شریجیش کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اپنا سب سے بہتر مظاہرہ کیا، ہم ان کی بدولت ہی برانز میڈل جیت سکے۔


غور طلب رہے کہ پیرس اولمپک میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اسپین کو 2-1 سے شکست دے کر برانز میڈل پر قبضہ کیا تھا۔ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 52 سال بعد ہاکی میں مسلسل تمغے جیتے۔ ویسے پورے میڈل ٹیلی کی بات کی جائے تو اس بار ہندوستان نے 5 برانز اور 1 سلور کے ساتھ کُل 6 تمغے جیتے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ تو کیا لیکن وہ 2020 کے ٹوکیو اولمپکس (7 تمغے) سے زیادہ تمغہ جیتنے میں ناکام رہے۔

سب سے زیادہ مایوسی ونیش پھوگاٹ کے کشتی کے فائنل مقابلے میں پہنچ کر بھی کوئی تمغہ نہیں جتنے پر ہوئی۔ 100 گرام وزن بڑھنے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دیا گیا اور وہ تمغہ سے محروم ہوگئیں۔ حالانکہ ونیش پھوگھاٹ اور ٹیم کے ذریعہ اس سلسلے میں اپیل کی گئی ہے جس کا فیصلہ آنا باقی ہے۔ اگر فیصلہ مثبت آتا ہے تو ہندوستان کی جھولی میں ایک تمغہ اور جڑ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔