کیا بی جے پی بلدیاتی انتخابات میں مسلمانوں کو ٹکٹ دے گی؟ ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نے دیا یہ جواب
بھوپیندر چودھری نے کہا کہ بی جے پی اب کسی خاص ذات یا طبقے کی پارٹی نہیں ہے۔ بی جے پی سماج کے تمام طبقات کو الیکشن لڑنے کا موقع دے گی۔
لکھنؤ: اتر پردیش میں ضمنی انتخابات کے بعد بی جے پی اب بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اس ضمن میں بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر چودھری نے کہا کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور تنظیم کا پورا ڈھانچہ فعال ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے بھوپیندر چودھری نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات پر روک لگانے کے سلسلے میں مقدمہ عدالت میں پیش کرے گی۔
بھوپندر چودھری نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کی کوئی تیاری نہیں ہے، وہ انتخابات کے حوالے سے عوام کے درمیان جانے سے ڈرتی ہیں۔ شاید اسی لیے یہ تمام حالات پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بلدیاتی انتخابات میں اقلیتوں کو بھی ٹکٹ دے گی، مگر یہ انہی امیدواروں کو دیا جائے گا جو جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمارے سانچے میں فٹ بیٹھتے ہیں، ہم انہیں الیکشن لڑاتے ہیں۔
اس کے ساتھ بھوپیندر چودھری نے کہا کہ رامپور اور کھتولی میں ہمیں بڑی تعداد میں ووٹ ملے ہیں، چاہے وہ وارڈ کا انتخاب ہو یا میونسپلٹی یا ٹاؤن پنچایتوں کے چیئرمین کا انتخاب۔ ہم معاشرے کے تمام طبقات کو ہر جگہ ساتھ لے کر چلیں گے۔ سیاسی طور پر جیتنا ہماری حکمت عملی میں اہم ہے۔ رام پور ہو یا کہیں اور بی جے پی کو حمایت ملی ہے۔ بی جے پی اب کسی خاص ذات یا طبقے کی پارٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سماج کے تمام طبقات کو الیکشن لڑنے کا موقع دے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔