مغربی بنگال: وزیر اعلیٰ اور گورنر کے درمیان جھگڑا عروج پر، ممتا نے دھنکھڑ کو ٹوئٹر پر کیا بلاک

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا ہے کہ بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کو دھمکی دے رہے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکھڑ کے درمیان رشتوں میں تلخیاں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ اس کی تازہ مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب ممتا بنرجی نے گورنر جگدیپ دھنکھڑ کو ٹوئٹر پر بلاک کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ساتھ ہی الزام عائد کیا کہ وہ بنگال کے گورنر کے ٹوئٹ سے پریشان ہو گئی تھیں، جس کے بعد انھوں نے انھیں بلاک کر دیا۔ اس دوران ممتا بنرجی نے گورنر دھنکھڑ پر کچھ سنگین الزامات بھی عائد کیے۔

وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کو دھمکی دے رہے ہیں۔ پیر کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’میں نے گورنر جگدیپ دھنکھڑ کے بارے میں وزیر اعظم کو کئی خط لکھے ہیں کہ وہ نہیں سن رہے ہیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم گزشتہ ایک سال سے پریشان ہیں۔ انھوں نے کئی فائلوں کو منظوری نہیں دی ہے۔ وہ ہر فائل کو التوا میں رکھ رہے ہیں۔ وہ پالیسی پر مبنی فیصلوں کے بارے میں کیسے بول سکتے ہیں۔


اس دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گورنر جگدیپ سنگھ دھنکھڑ پر فون ٹیپنگ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نے انھیں (گورنر کو) کیوں نہیں ہٹایا؟ پیگاسس گورنر ہاؤس سے بھاگ رہا ہے۔ وہ فون ٹیپ کر رہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گورنر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان برسرعام کئی بار تکرار ہو چکی ہے۔ یومِ جمہوریہ کے پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تقریب کی جگہ پر گورنر کے ان کی طرف بڑھنے پر ان کا استقبال کیا۔ ممتا اس وقت تک اپنی کرسی سے نہیں اٹھیں جب تک کہ گورنر ان کے قریب نہیں آ گئے۔ یہ دیکھا گیا کہ ایک وقت وزیر اعلیٰ نے اپنا چہرہ گھما لیا، جب دھنکھڑ انھیں کچھ کہتے نظر آ رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔