یوپی انتخاب: کانگریس نے مزید 6 امیدواروں کا کیا اعلان، منور رانا کی بیٹی کو بھی ملا ٹکٹ

انتخاب سے پہلے کانگریس، بی جے پی، سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی سمیت سبھی پارٹیاں بہتر کارکردگی کے لیے پورا زور لگا رہی ہیں۔

عروشا رانا، تصویر ٹوئٹر @786uroosaRana
عروشا رانا، تصویر ٹوئٹر @786uroosaRana
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے 6 امیدواروں پر مبنی اپنی تازہ فہرست 31 جنوری کو جاری کر دی ہے۔ ان 6 امیدواروں میں 3 خواتین شامل ہیں۔ یعنی پرینکا گاندھی کے ذریعہ یوپی اسمبلی انتخاب میں 40 فیصد امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جانے کے وعدہ پر لگاتار عمل ہو رہا ہے۔ تازہ فہرست میں سب سے حیران کرنے والا نام مشہور و معروف شاعر منور رانا کی بیٹی عروشا رانا کا ہے، جنھوں نے حال ہی میں اناؤ سیٹ سے بطور آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ کانگریس نے انھیں پوروا سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔

کانگریس کے ذریعہ جاری کردہ لسٹ کے مطابق پوروا سیٹ سے عروشا رانا، لکھنؤ ویسٹ سے شہانا صدیقی، لکھنؤ نارتھ سے اجے شریواستو، لکھنؤ ایسٹ سے پنکج تیواری، لمبھوا سیٹ سے ونے وکرم سنگھ، کلیانپور سے گایتری تیواری کو ٹکٹ دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ کلیان پور سے امیدوار بنائی گئیں گایتری تیواری وکاس دوبے قتل معاملہ میں مارے گئے امر دوبے کی بیوی خوشی دیوی کی ماں ہیں۔ یعنی کانگریس نے امر دوبے کی ساس کو امیدوار بنایا ہے جو کہ اپنے خلاف ہوئی ناانصافی کی آواز کئی بار اٹھا چکی ہیں۔ میڈیا میں ایسی خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ سماجوادی پارٹی گایتری تیواری کو ٹکٹ دینے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اس معاملے میں کانگریس نے بازی مار لی۔


واضح رہے کہ اتر پردیش میں 10 فروری سے 7 مراحل میں ووٹنگ ہونی ہے۔ آخری مرحلہ کے لیے 7 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔ نتائج 10 مارچ کو برآمد ہوں گے۔ انتخاب سے پہلے کانگریس، بی جے پی، سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی سمیت سبھی پارٹیاں بہتر کارکردگی کے لیے پورا زور لگا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔