حج 2022: درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں 15 فروری تک کی توسیع
مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا نے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
ممبئی: مرکزی حج کمیٹی نے حج درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں پندرہ روز کی توسیع کردی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکیٹو آفسر یعقوب شیخا نے بتایا کہ 31 جنوری حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، لیکن عازمین حج کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں پندرہ روز کی توسیع کی گئی ہے، اب عازمین حج 15 فروری تک درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔
مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا نے ایک سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ یعقوب شیخا نے کہا کہ کووڈ- 19 کے سبب عازمین حج کو مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے حالات کے مدنظر اور عازمین حج کو مزید سہولیات پہچانے کے لئے درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں مزید توسیع کی گئی ہے۔
یعقوب شیخا نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے چند روز قبل ہی مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کو تاریخ بڑھانے کے متعلق مکتوب روانہ کیا گیا تھا۔ حج کمیٹی کی درخواست پر مرکزی حج کمیٹی نے تاریخ میں پندرہ روز کی توسیع کی ہے۔ یعقوب شیخا نے بتایا کہ مرکزی حج کمیئی کو ابھی تک 78 ہزار سے زیادہ درخواست فارم موصول ہوچکے ہیں ان میں بغیر محرم کے سفر حج پر روانہ ہونے والی 1600 سے زیادہ خواتین نے درخواستیں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج درخواست فارم بھرنے کا پورا سسٹم ڈیجیٹل ہوگیا ہے اور ہمیں موبائل ایپ سے بھی بڑی تعداد میں درخواست فارم موصول ہو رہے ہیں۔ یعقوب شیخا نے کہا کہ حج 2022 کے متعلق حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ معاہدہ ابھی تک نہیں ہو پایا ہے اس کے چلتے ہندوستانی عازمین حج کا کوٹہ بھی ابھی تک طے نہیں ہوا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حج 2022 کے لئے دونوں ممالک کے درمیان جلد ہی بائی لیٹرل ایگریمنٹ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔