پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج سے، پیگاسس، چین اور کسانوں کے مدے پر ہنگامہ کے آثار

آج سے پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس شروع ہو رہا ہے اور آج ہی اقتصادی جائزہ پیش کیا جائے گا، لیکن پیگاسس، چین اور کسانوں کے مدے پر ہنگامہ کے آثار ہیں۔

پارلیمنٹ، تصویر یو این آئی
پارلیمنٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: آج سے شروع ہونے والا بجٹ اجلاس ہنگامہ دار رہنے کا امکان ہے، کیونکہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے حزب اختلاف کسی بھی مدے پر حکومت کو گھیرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑے گی۔ بجٹ اجلاس کے پہلے دن صدرجمہوریہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے مشترکہ خطاب کریں گے اور آج ہی اقتصادی جائزہ پیش کیا جائے گا۔ کل یعنی یکم فروری کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سال 2022-23 کی بجٹ سفارشات پیش کریں گی۔

بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف حکومت سے جہاں پیگاسس جاسوی معاملہ پر سوال پوچھے گا، وہیں چینی دراندازی اور کسانوں کے مدے پر بھی حکومت کو گھیرے گا۔ واضح رہے امریکہ کے اخبار ’نیویارک ٹائمس‘ میں پیگاسس سے متعلق خبر شائع ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے اسرائیل سے ایک دفاعی سودے کے ساتھ اسرائیلی کمپنی این ایس او سے پیگاسس اسپائی ویئر یعنی جاسوسی کا آلہ بھی لیا تھا۔ اخبار کے اس انکشاف کے بعد ہندوستان کی سیاست گرم ہو گئی ہے۔ اس درمیان حکومت نے اس خبر پر کوئی وضاحت نہیں دی ہے اس لئے بجٹ اجلاس میں اس پر ہنگامہ کےآثار ہیں۔


دوسری جانب چین کی جانب سے دراندازی کی خبریں روز اخباروں میں شائع ہو رہی ہیں اور حزب اختلاف حکومت سے جواب طلب کر رہی ہے۔ اس لئے اس مدے پر بھی بجٹ اجلاس میں ہنگامہ کےامکانات ہیں۔ حکومت نے تین زرعی قوانین واپس لے لئے تھے جس کے بعد ایک سال جو کسان احتجاج کر رہے تھے وہ اپنے گھروں کو واپس چلے گئے تھے۔ یہ متنازعہ بل واپس لیتے وقت حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بات کہی تھی، لیکن وہ کمیٹی ابھی تک تشکیل نہیں دی گئی ہے اس لئے کسان بھی حکومت کے لئے دوبارہ درد سر بن سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔