ہمیں بہار کے لیے خصوصی درجہ اور خصوصی پیکج دونوں کی ضرورت ہے: منوج جھا

آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے کہا ہے کہ بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ طویل عرصے سے ہے، اگر اسے ’یا‘ پر قربان کیا جائے گا تو یہ ریاست کے ساتھ سخت ناانصافی ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>منوج جھا / آئی اے این ایس</p></div>

منوج جھا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں نتیش کمار کی قیادت میں جے ڈی یو کی ایگزیکٹو میٹنگ میں مرکزی حکومت سے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ یا خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس پر آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم ’یا‘ پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، ہمیں دونوں کی سخت ضرورت ہے۔

آر جے ڈی کے قومی ترجمان منوج جھا نے کہا ہے کہ بہار کے لیے خصوصی ریاست کا درجہ اور خصوصی پیکیج دونوں ضروری ہیں۔ ایک ریاست کی طویل مدتی ترقی کے لیے اور دوسرا سرمایہ کاری کے لیے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم ان میں سے ایک پر سمجھوتہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالیاتی کمیشن کے پیرامیٹر میں بدلاؤ ہونا چاہئے۔ انہوں نے نتیش کمار حکومت سے کہا کہ حکومت پر دباؤ ڈالیں، یہ آپ کی حکومت ہے۔ منوج جھا نے مزید کہا کہ بہار کا یہ مطالبہ کافی عرصے سے ہے اور اگر اسے ’یا‘ پر قربان کیا جائے گا تو یہ سخت ناانصافی ہوگی۔ دو ریاستیں جو کئی سالوں سے خصوصی درجے کا مطالبہ کر رہی ہیں، ان دونوں کی وجہ سے ہی آج مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت  بنی ہے اور انہیں کی وجہ سے حکومت چل رہی ہے۔


واضح رہے کہ دہلی میں ہو رہی جے ڈی یو کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں پارٹی نے بہار کو لے کر مرکزی حکومت سے کئی مطالبات کیے ہیں۔ ان میں ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے خصوصی درجہ یا خصوصی پیکیج، آئین کے نویں شیڈول میں 65 فیصد ریزرویشن کو شامل کرنے اور نیٹ معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ سمیت کئی مطالبات کیے گئے ہیں۔ جے ڈی یو لیڈروں کا کہنا ہے کہ بہار کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لیے خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا یہ مطالبہ طویل عرصے سے کیا جا رہا ہے، یہ کوئی نیا مطالبہ نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔