ایودھیا: مسجد تعمیر کے لیے ابھی کرنا ہوگا انتظار، 3 مہینے بعد ہی شروع ہوگا کام

آئی آئی سی ایف کے سکریٹری اطہر حسین نے تازہ سرگرمیوں کے تعلق سے کہا کہ فی الحال زمین پر 'میڑ بندی' کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کارروائی دھیرے دھیرے آگے بڑھ سکے۔

سنی سینٹرل وقف بورڈ
سنی سینٹرل وقف بورڈ
user

تنویر

ایک طرف ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر تعمیر کے لیے 'بھومی پوجن' کا عمل انجام پا چکا ہے اور زمین کو برابر کرنے کا کام بھی چل رہا ہے، اور دوسری طرف ایودھیا سے باہر دھنّی پور میں مسجد تعمیر کے لیے بھی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں لیکن ابھی سنگ بنیاد کے لیے تقریباً 3 مہینے کا انتظار کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں ایک رپورٹ ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر شائع ہوئی ہے جس میں سنی سنٹرل وقف بورڈ کے ذریعہ تشکیل انڈو-اسلامک کلچر فاؤنڈیشن (آئی آئی سی ایف) کے سکریٹری اطہر حسین کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ 3 مہینوں میں تعمیری کام شروع ہو جائیں گے۔

اطہر حسین نے تازہ سرگرمیوں کے تعلق سے کہا ہے کہ فی الحال زمین پر 'میڑ بندی' کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کارروائی دھیرے دھیرے آگے بڑھ سکے۔ علاوہ ازیں 2 اکاؤنٹ جلد کھولے جانے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ معاشی مدد کے لیے لوگوں سے عطیہ حاصل کیا جا سکے اور پیسوں کے لین دین میں آسانی ہو۔ انھوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اکاؤنٹ کھولنے کا عمل 25 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔


قابل ذکر ہے کہ روناہی قصبہ واقع دھنّی پور میں سنی سنٹرل وقف بورڈ کو 5 ایکڑ زمین ریاستی حکومت سے ملی ہے جہاں مسجد کی تعمیر ہونی ہے۔ آئی آئی سی ایف کے سکریٹری اطہر حسین اس مسجد کے نام کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نام دھنّی پور مسجد ہی ہوگا اور اس کی تعمیر میں ہر مذہب کے لوگوں سے عطیہ قبول کیا جائے گا۔ عطیہ اور بینک اکاؤنٹ میں لین دین کی مکمل جانکاری آن لائن دستیاب کیے جانے کی بات بھی اطہر حسین نے بتائی۔

دو اکاؤنٹ کھولے جانے سے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے اطہر حسین نے کہا کہ ایک بینک اکاؤنٹ صرف مسجد تعمیر کے لیے پیسہ اکٹھا کرنے کے لیے ہوگا جب کہ دوسرے بینک اکاؤنٹ میں مسجد احاطہ میں بننے والے اسپتال اور ریسرچ سنٹر کے لیے پیسہ جمع کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ لکھنؤ میں بہت جلد ٹرسٹ کا نیا دفتر بھی کھولا جائے گا تاکہ مسجد تعمیر کے لیے سرگرمیاں تیز ہو سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Aug 2020, 4:59 PM