چار ماہ میں دو کروڑ لوگ بے روزگار، فیس بک پر فرضی خبروں سے سچائی نہیں چھپتی: راہل
راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ چار مہینوں میں تقریباً دو کروڑ افراد نے اپنی نوکریاں گنوائی ہیں۔ فیس بک پر فرضی خبریں اور نفرت پھیلانے سے ملک سے بے روزگاری اور معیشت کی تباہی کو چھپایا نہیں جا سکتا۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ چار ماہ میں دو کروڑ سے زائد افراد اپنی نوکریوں سے محروم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ان کنبوں کے سامنے ایک سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا ’’ گزشتہ چار مہینوں میں تقریباً دو کروڑ افراد نے اپنی نوکریاں گنوائی ہیں۔ دو کروڑ کنبوں کا مستقبل تاریک ہوا ہے۔ فیس بک پر فرضی خبریں اور نفرت پھیلانے سے ملک سے بے روزگاری اور معیشت کی تباہی کو چھپایا نہیں جا سکتا۔‘‘
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے، جس میں لکھا ہے، ’’پچھلے مہینے یعنی جولائی میں لگ بھگ 50 لاکھ لوگوں نے نوکریاں گنوائی ہیں۔ ان اعداد کے مطابق اپریل میں 1.77 کروڑ اور مئی میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں کی نوکریاں چلی گئیں۔ جون میں تقریباً 39 لاکھ لوگوں کو نوکریاں ملیں، لیکن جولائی میں پھر سے 50 لاکھ لوگوں کی نوکریاں چلی گئیں۔
ادھر، کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس سلسلے میں تفصیلی اعداد و شمار پیش کیے ہیں اور کہا کہ ’’اب سچائی جگ ظاہر ہے۔ صرف اپریل تا جولائی 2020 میں 19000000 نوکری پیشہ افراد کی نوکری گئی۔ صرف جولائی کے مہینے میں 5000000 نوکریاں گئیں۔ کھیتی باڑی اور کنسٹریکشن میں 4100000 نوکریاں چلی گئیں۔‘‘
سرجے والا نے مزید کہا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 140000000 سے زائد نوکریاں ختم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کی روزی روٹی پر گرہن لگا دیا ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Aug 2020, 1:40 PM