کسان یوریا کی کمی سے پریشان، کالابازاری پر روک لگائے یوگی حکومت: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اترپردیش میں کئی جگہوں پر یوریا کی کمی کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ جگہ جگہ لائنیں لگی ہوئیں ہیں، کوآپریٹیو کمیٹیوں پر یوریا ختم ہوچکی ہے، کاشتکار بلیک مارکیٹنگ سے پریشان ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے کئی اضلاع میں یوریا کی کمی سے دوچار کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے یوگی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوریا کی قلت کو دور کرے۔ واضح رہے کہ ملک میں دھان کی کھیتی کا موسم چل رہا ہے، کئی مقامات پر دھان کی بووائی ہو چکی ہے جبکہ کچھ جگہ پر یہ کام جاری ہے۔ ایسے وقت میں کسانوں کو یوریا کی ضرورت ہوتی ہے لیکن کالا بازاری کے سبب یوریا کسانوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اترپردیش میں بہت ساری جگہوں پر یوریا کی کمی کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ جگہ جگہ لائنیں لگی ہوئیں ہیں اور بیشتر کوآپریٹو کمیٹیوں پر یوریا ختم ہوچکی ہے۔ کاشتکار بلیک مارکیٹنگ سے پریشان ہیں۔ اترپردیش حکومت کو فوری مداخلت کر کے یوریا کی قلت کے مسئلہ کو حل کرنا چاہیے‘‘۔ اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے ایک نیوز چینل سے لوگوں کی گفتگو کی ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں کاشتکاروں کو یوریا نہ ملنے کی پریشانی کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں۔


واضح رہے کہ یو پی کے باغپت سمیت کئی اضلاع میں یوریا کی قلت نظر آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق باغپت میں کچھ دن پہلے 610 میٹرک ٹن یوریا آئی تھی جو ختم ہوچکی ہے۔ اب کوآپریٹیو سوسائٹیس اور بیشتر نجی دکانوں پر یوریا دستیاب نہ ہونے سے کسان پریشان ہیں۔

باغپت میں اس وقت دو ہزار میٹرک ٹن یوریا درکار ہے لیکن یہاں یوریا کی صرف 150 میٹرک ٹن مقدار ہی موجود ہے۔ ایک ضلع کا یہ حال ہے تو پورے صوبہ کے حالات کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔ ادھر، حکومت نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق ہی یوریا خریدیں۔ حکومت کا دعوی ہے کہ یوریا کی صوبہ بھر میں کوئی کمی نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔