دوسرے مرحلہ میں لوک سبھا کی 88 سیٹوں پر ووٹنگ ختم، 1200 سے زائد امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید

13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 88 لوک سبھا سیٹوں پر دوسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے گئے، ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سبھی ای وی ایم کو سیل کر دیا گیا ہے جو 4 جون کو کھلے گا۔

ای وی ایم کی علامتی تصویر
ای وی ایم کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 کا دوسرا مرحلہ جمعہ کی شام 6 بجے انجام پذیر ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ میں 13 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 88 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے جس میں 1200 سے زائد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سبھی ای وی ایم کو سیل کر دیا گیا ہے جو 4 جون کو ووٹ شماری کے لیے کھلے گا اور نتائج اسی دن برآمد ہو جائیں گے۔

دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی سبھی 20 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کی 14، راجستھان کی 13، اتر پردیش کی 8، مہاراشٹر کی 8، مدھیہ پردیش کی 6، آسام کی 5، بہار کی 5، چھتیس گڑھ کی 3، مغربی بنگال کی 3 اور تریپورہ، منی پور اور جموں و کشمیر کی 1-1 سیٹ پر ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔


ووٹنگ کا حتمی فیصد سامنے نہیں آیا ہے، لیکن 5 بجے تک ڈالے گئے ووٹ کا فیصد الیکشن کمیشن نے جاری کر دیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق تریپورہ و منی پور میں سب سے زیادہ 77 فیصد اور 76 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جبکہ اتر پردیش میں سب سے کم 52 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق شام 5 بجے تک آسام میں 70.66 فیصد، بہار میں 53.03 فیصد، چھتیس گڑھ میں 72.13 فیصد، جموں و کشمیر میں 67.22 فیصد، کرناٹک میں 63.90 فیصد، کیرالہ میں 63.97 فیصد، مدھیہ پردیش میں 54.83 فیصد، مہاراشٹر میں 53.51 فیصد، منی پور میں 76.06 فیصد، راجستھان میں 59.19 فیصد، تریپورہ میں 77.53 فیصد، اتر پردیش میں 52.74 فیصد اور مغربی بنگال میں 71.84 فیصد حق رائے دہی درج ہوا ہے۔

دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے راہل گاندھی اور تروونت پورم سے ششی تھرور میدان میں تھے۔ ششی تھرور کا مقابلہ مرکزی وزیر اور بی جے پی امیدوار راجیو چندرشیکھر سے ہے۔ دیگر اہم امیدواروں میں متھرا سے ہیما مالنی، راج نندگاؤں سے بھوپیش بگھیل، بنگلورو دیہی سے ڈی کے سریش اور بنگلورو جنوب سے تیجسوی سوریہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجستھان کی کوٹہ سیٹ سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بی جے پی امیدوار ہیں اور بہار کے پورنیہ سے پپو یادو نے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑا ہے۔


الیکشن کمیشن کے مطابق سبھی پولنگ مراکز پر مائیکرو آبزرور کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ 50 فیصد سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی گئی۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت مہیا کی گئی تھی۔

بہرحال، جن 88 لوک سبھا سیٹوں پر دوسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے گئے ہیں، 2019 لوک سبھا انتخاب کے دوران ان میں سے 52 سیٹیں بی جے پی کو حاصل ہوئی تھیں۔ 2024 لوکس بھا انتخاب سے عین قبل دو آزاد اراکین پارلیمنٹ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے جس سے یہ تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی۔ کانگریس کو دوسرے مرحلہ کی 88 سیٹوں میں سے 18 سیٹیں اور شیوسینا و جنتا دل یو کو 4-4 سیٹیں ملی تھیں۔ بقیہ 10 سیٹیں دیگر کے حصے میں گئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔