زبردست ہنگامے اور ووٹنگ کے بعد وجے کمار بہار اسمبلی کے اسپیکر منتخب

بہار میں بدھ کے روز اسمبلی اسپیکر عہدہ کے لیے انتخاب عمل میں آیا۔ این ڈی اے امیدوار وجے کمار سنہا نے اس میں جیت حاصل کی اور نئے اسمبلی اسپیکر کی ذمہ داری سنبھالی۔

وجے سنہا، تصویر یو این آئی
وجے سنہا، تصویر یو این آئی
user

روی پرکاش

بہار میں برسراقتدار این ڈی اے میں شامل بی جے پی رکن اسمبلی وجے کمار سنہا کو بہار اسمبلی کا اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ این ڈی اے امیدوار وجے کمار کے حق میں 126 ووٹ پڑے جب کہ ان کے خلاف 114 ووٹ ڈالے گئے۔ اس دوران مہاگٹھ بندھن کے اراکین اسمبلی کی جانب سے انتخابی عمل پر سوال کھڑے کرتے ہوئے ہنگامہ بھی کیا گیا۔ دراصل اپوزیشن کی جانب سے خفیہ ووٹنگ کی اپیل کی گئی تھی جس کو مسترد کر دیا گیا۔

اسمبلی اسپیکر کے لیے ووٹنگ کے بعد جب نتیجہ سامنے آیا تو مہاگٹھ بندھن امیدوار اور سیوان سے رکن اسمبلی اودھ بہاری چودھری کو 114 ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے این ڈی اے امیدوار وجے کمار سنہا کو اسپیکر کی کرسی تک پہنچایا اور انھیں مبارکباد دی۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں ایسا پانچ دہائی بعد ہوا ہے جب اسپیکر عہدہ کے لیے ووٹنگ کی ضرورت پڑی ہو۔


آج بہار اسمبلی کے پروٹیم اسپیکر جیتن رام مانجھی نے کارروائی شروع ہونے کے بعد اسپیکر عہدہ کو لے کر صوتی ووٹوں سے انتخاب کرانے کی بات کہی، تب اپوزیشن کے اراکین نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی کو لے کر ہنگامہ شروع کر دیا۔ اس دوران وہ ویل میں بھی آ گئے۔ ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے پروٹیم اسپیکر بار بار اراکین کو اپنی سیٹ پر جانے کے لیے گزارش کرتے رہے۔

اپوزیشن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ اس ایوان کے رکن نہیں ہیں۔ اس وجہ سے ووٹنگ کے دوران ایوان میں موجود نہیں رہ سکتے۔ حالانکہ پروٹیم اسپیکر نے اسے ضابطہ کے مطابق قرار دیا اور کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ ہیں، ایوان میں موجود رہ سکتے ہیں لیکن ووٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس کے بعد بھی جب اپوزیشن کا ہنگامہ ختم نہیں ہوا تو پروٹیم اسپیکر نے پانچ منٹ کے لیے کارروائی ملتوی کر دی۔ بعد ازاں ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور ووٹنگ کا عمل انجام پایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔