شاہین باغ کی دادی ’ٹائم میگزین‘ کے بعد ’بی بی سی‘ کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل
ٹائم میگزین کی 2020 کی 100 سب سے بااثر شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے کے بعد اب شاہین باغ کی بلقیس دادی نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ’بی بی سی- 100 ویمن آف دی ایئر‘ میں بھی مقام حاصل کیا ہے
ٹائم میگزین کی 2020 میں 100 سب سے بااثر شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے کے بعد اب شاہین باغ کی بلقیس دادی نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ’بی بی سی- 100 ویمن آف دی ایئر‘ میں بھی مقام حاصل کیا ہے۔ بلقیس بانو 82 سال کی ہیں اور اس وقت شہ سرخیوں میں چھا گئی تھیں جب انہوں نے شاہین باغ میں ہونے والے مظاہروں میں شرکت کرنی شروع کی تھی۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف شاہین باغ میں کئی مہینوں تک مظاہرہ کیا گیا تھا۔
بلقیس بانوں کو لوگوں نے پیار میں بلقیس دادی کہنا شروع کر دیا تھا اور وہ راجدھانی دہلی میں سی اے اے مخالف مظاہرہ کر رہے لوگوں کے لئے مزاحمت، مضبوطی اور امید کی علامت بن گئی تھیں۔ بی بی سی نے کہا کہ گجرات فائلز کی مصنفہ رانا ایوب نے بلقیس بانو کو ’حاشیہ پر کھڑے لوگوں کی آواز‘ قرار دیا تھا۔
فروری 2020 میں بلقیس دادی نے کہا تھا، ’’ہم یہ شروعات سے کہہ رہے ہیں مودی جی آپ کے پاس ابھی بھی وقت ہے، اس قانون کو واپس لینے کا۔ ہم اپنے گھر چلے جائیں گے۔ ہم یہاں مزے کے لئے نہیں بیٹھے ہیں۔ ہم یہاں اپنا گھر اور اپنے بچوں کو چھوڑ کر بیٹھے ہیں۔ مودی جی پیچھے نہیں ہٹے ہیں اور نہ ہی ہم پیچھے ہٹیں گے، ہم یہیں رہیں گے۔‘‘
بی بی سی نے بلقیس دادی کے اسی بیان کا تذکرہ کیا ہے، جس میں انہوں نے حاشیہ پر کھڑے طبقات کی خواتین کو سیاست کے خلاف بولنے کے لئے حوصلہ افزائی کی تھی کہ خواتین کو گھر سے باہر نکل کر آواز اٹھانی چاہیے، خاص کر ناانصافی کے خلاف۔ اگر وہ ابھی بھی اپنے گھروں سے نہیں نکلیں گی، تو اپنی طاقت کا مظاہرہ کیسے کریں گی! شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف 101 دن تک مظاہرہ کیا گیا تھا اور اسے دیکھ کر ملک بھر کے متعدد شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔