اب وارانسی میں حجاب کے خلاف مظاہرہ، ایک شخص گرفتار
جس اسکول کے باہر حجاب کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا اس کی پرنسپل نرملا راٹھور نے واضح کیا کہ اسکول میں ڈریس کوڈ پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور کسی بھی طالبہ کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہے۔
وارانسی: کرناٹک سے شروع ہونے والا حجاب کا تنازعہ ملک بھر میں پھیل چکا ہے اور کئی شہروں میں اس کے حق اور مخالفت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ وارانسی کے شیوپور علاقہ میں منگل کے روز ایئرپورٹ روڈ پر ایک اسکول کے سامنے سینکڑوں بچوں کے ساتھ حجاب کے خلاف مظاہرہ کیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
جس اسکول کے باہر حجاب کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا اس کی پرنسپل نرملا راٹھور نے واضح کیا کہ اسکول میں ڈریس کوڈ پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور کسی بھی طالبہ کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہے۔ ان کی شکایت پر پولیس نے بھرلائی علاقہ کے ہیمانشو چترویدی کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور اسے گرفتار کر لیا۔
شیو پور کے انسپکٹر ایس آر گوتم نے کہا کہ متعدد نوعمر لڑکے اور لڑکیاں پیر کے روز اسکول کے سامنے جمع ہوئے اور مظاہرہ شروع کر دیا۔ مظاہرین نے ’حجاب پر پابندی لگاؤ‘ اور ’ڈریس کوڈ لاگو کرو‘ جیسے پیغامات والی تختیاں اٹھائے ہوئے تھے۔ چترویدی کا الزام ہے کہ اسکول پرنسپل نے کئی طالبات کو حجاب پہن کر آنے کی اجازت دی تھی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی شیوپور پولیس موقع پر پہنچی۔ چترویدی کو حراست میں لے کر تحقیات شروع کر دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Feb 2022, 1:11 PM