دہلی میں 12 لاکھ سے زائد افراد کی ٹیکہ کاری مکمل: ستیندر جین

دہلی میں 24 گھنٹے میں کورونا ویکسین کی سہولت پر ستیندر جین نے کہا کہ ’دہلی کے تمام سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے کورونا ویکسینیشن کی سہولت مہیا کروائی جائے گی۔

کورونا کا ٹیکہ لگواتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال / تصویر بذریعہ پریس ریلیز
کورونا کا ٹیکہ لگواتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال / تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا ہے کہ اب تک دار الحکومت میں 12 لاکھ افراد کی ٹیکہ کاری کی گئی اور کورونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر نجی اور سرکاری اسپتالوں میں بیڈ کی تعداد بڑھانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ستیندر جین نے آج کہا کہ دہلی حکومت کورونا وائرس پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اسپتالوں میں تقریباً 5000 بیڈ کورونا کے مریضوں کے لیے بڑھائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اب دہلی کے 33 سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے کورونا ویکسین لگوائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مرکزی حکومت وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی تجویز کا نوٹس لے گی تاکہ ہر کسی کو ویکسین مہیا کروانے کی تجویز کو نافذ کیا جا سکے۔


وزیر صحت نے بتایا کہ دہلی حکومت کی جانب سے کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھائی گئی ہے اور دہلی میں گزشتہ روز 65 ہزار سے بھی زیادہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ دہلی حکومت نے گزشتہ روز تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بیڈ کی تعداد بڑھانے کا بھی حکم دیا ہے۔

ستیندر جین نے کہا کہ ’دہلی میں گزشتہ روز 87673 افراد کا ویکسینیشن کیا گیا جو کہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ دار الحکومت کے اندر جاری ویکسینیشن کے تحت گزشتہ روز تقریباً 73 فیصد یعنی 63936 افراد نے دہلی کے اسپتالوں میں ویکسینیشن کروایا۔ علاوہ ازیں 23737 افراد نے اپنی ٹیکہ کاری دہلی کے نجی اسپتالوں میں کروائی۔ سرکاری اسپتالوں میں ویکسینیشن کا 95 فیصد ٹائم سلاٹ استعمال کیا گیا، وہیں نجی اسپتالوں میں یہ 67 فیصد استعال کیا گیا۔ اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ عوام سرکاری اسپتالوں میں جا کر اپنی ٹیکہ کاری کروانا زیادہ پسند کر رہے ہیں۔ دہلی میں اب تک 12 لاکھ سے زیادہ افراد کا ویکسینیشن کیا جا چکا ہے‘۔


ستیندر جین نے آگے کہا کہ ’گزشتہ چند ماہ میں پہلی بار کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہوئی ہے۔ دہلی حکومت بڑھتے کورونا کے کیسز کے سلسلے میں ہر طور سے محتاط ہے اور اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پورے ملک میں یہ کورونا کی شرح پانچ فیصد سے زیادہ ہے‘۔ دہلی میں 24 گھنٹے میں کورونا ویکسین کی سہولت پر ستیندر جین نے کہا کہ ’دہلی کے تمام سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے کورونا ویکسینیشن کی سہولت مہیا کروائی جائے گی۔

اروند کیجریوال کی جانب سے مرکزی حکومت کو تمام عمر کے لوگوں کا ویکسینیشن کرنے کے لیے خط لکھ کر دیئے گئے مشورے کے سلسلے میں ستیندر جین نے کہا، ’ابھی تک محض 45 سے یا اس سے اوپر کے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی اجازت ہے۔ ہر کسی کے ویکسینیشن سے ہی سبھی کو فائدہ ہوگا کیونکہ نوجوان عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس سے خطرہ تو کم رہتا ہے لیکن وہ اپنے خاندان کے لیے کورونا بردار کا کام کرتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ تمام افراد کی ایک ساتھ ٹیکہ کاری سے ہی بہترین اثر پڑے گا۔ ہمیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے مشورے پر مرکزی حکومت غور و خوض کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔