اخلاقیات کمیٹی کی میٹنگ میں ہنگامہ، مہوا موئترا سمیت اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کا واک آؤٹ
بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی نے الزام عائد کیا کہ چیئرمین اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ونود کمار سونکر ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا سے غیر اخلاقی سوال پوچھ رہے تھے جس سے ہنگامہ پیدا ہو گیا۔
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا آج پیسہ لے کر سوال پوچھنے کے الزام معاملہ پر اخلاقیات کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوئیں۔ اس میٹنگ میں زبردست ہنگامہ ہوا جس کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے میٹنگ سے واک آؤٹ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مہوا موئترا بھی میٹنگ سے باہر آ چکی ہیں اور اخلاقیات کمیٹی میں جس طرح کے سوالات پوچھے گئے اس سے وہ ناراض ہیں۔
اخلاقیات کمیٹی کی میٹنگ میں شامل بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی کا الزام ہے کہ چیئرمین اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ونود کمار سونکر ترنمول رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا سے غیر اخلاقی سوال پوچھ رہے تھے۔ اس وجہ سے میٹنگ کے دوران ہنگامہ شروع ہو گیا اور پھر وہ میٹنگ ہال سے باہر نکل گئیں۔
میٹنگ کے بعد کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہیں اس میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کافی غصے میں دکھائی دے رہے ہیں۔ اخلاقیات کمیٹی کے رکن دانش علی کے مطابق موئترا سے سوال پوچھا جا رہا تھا کہ رات میں کس سے بات ہوئی تھی؟ کون کس کے ساتھ بات کرتا ہے، کیا بات کرتا ہے؟ ایک خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی سوال کیے جا رہے تھے جو مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ اخلاقیات کمیٹی میں 15 اراکین ہوتے ہیں جن کو لوک سبھا اسپیکر کے ذریعہ منتخب کیا جاتا ہے۔ اس کمیٹی نے آج مہوا موئترا معاملے میں میٹنگ کی اور ذرائع کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ میٹنگ میں موئترا لگاتار کہہ رہی تھیں کہ پورا معاملہ ان کا ذاتی ہے، اس معاملے پر کمیٹی میں بحث کی ضرورت نہیں ہے۔ موئترا نے سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ ذاتی طور پر ان کو ان کے کسی دوست سے تحفہ ملتا ہے تو یہ معاملہ اخلاقیات کمیٹی کے سامنے کیسے لایا جا سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔