گورکھپور کے پولیس افسران بی جے پی ایجنٹ ہیں، انھیں فوراً ہٹایا جائے: چندرشیکھر
انتخابی کمیشن کو بھیجے گئے اپنے خط میں چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ گورکھپور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ وپن ٹاڈا بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیہ پال سنگھ ملک کے داماد ہیں اور ان کا بی جے پی سے ذاتی لگاؤ ہے۔
اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں گورکھپور اسمبلی سیٹ سے وزیر اعلیٰ یوگی کو چیلنج پیش کر رہے آزاد سماج پارٹی (اے ایس پی) کے چیف چندرشیکھر آزاد نے انتخابی کمیشن سے ضلع کے ایس ایس پی سمیت کئی پولیس افسران کو فوراً ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چندرشیکھر نے ان پر بی جے پی کا ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھیجے اپنے خط میں چندرشیکھر نے کہا کہ گورکھپور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ وپن ٹادا بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیہ پال سنگھ ملک کے داماد ہیں اور ان کا بی جے پی سے ذاتی لگاؤ ہے، اس وجہ سے ان کے غیر جانبدار بنے رہنے کی امید نہیں کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ چندرشیکھر نے گورکھ ناتھ کے سرکل افسر رتنیش سنگھ اور گورکھ ناتھ انسپکٹر منوج سنگھ دونوں کو بھی بی جے پی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان افسران کو گورکھپور میں انتخاب کو متاثر کرنے کے ارادے سے تعینات کیا تھا۔
واضح رہے کہ یوپی انتخاب میں گورکھپور سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے لڑنے کے اعلان کے بعد جب آزاد سماج پارٹی کے چندرشیکھر نے بھی یہاں سے کھڑے ہونے کا اعلان کیا تو گورکھپور ہاٹ سیٹ بن گیا۔ پورے ملک کی نظر اس سیٹ پر لگی ہوئی ہے۔ جمعہ کو یوگی نے یہاں سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔