’3 سال میں نہیں آئی آرمی بھرتی، ہمارے ساتھی خودکشی کر رہے‘، پریشان نوجوان نے پرینکا گاندھی سے بیان کیا درد
اتر پردیش میں ایک کسان کے بیٹے نے پرینکا گاندھی سے اپنی پریشانیاں بیان کیں اور بتایا کہ کس طرح بھرتی کی تیاری کر رہے نوجوان اب مایوس ہو کر خودکشی کرنے کو مجبور ہو رہے ہیں۔
اتر پردیش میں انتخابی تشہیر کے دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سے کئی ایسے لوگ مل رہے ہیں، جو ملک کا مستقبل ہیں، لیکن ان لوگوں کے مستقبل میں حکومت رخنہ انداز بنی ہوئی ہے۔ اسی سلسلے میں اب پرینکا گاندھی کی ملاقات ایک ایسے نوجوان سے ہوئی جو گزشتہ کئی سالوں سے فوج کی تیاری کر رہا ہے۔ لیکن گزشتہ تین سالوں میں بھرتی نہ نکلنے کو لے کر حکومت سے ناراض ہے۔
اس نوجوان نے پرینکا گاندھی سے اپنی پریشانیاں بیان کیں اور بتایا کہ کس طرح مایوس ہو کر نوجوان اب خودکشی کرنے کو مجبور ہو رہے ہیں۔ بھرتی نہ نکلنے کی وجہ سے نوجوانوں کی عمر نکلتی جا رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے اس بات چیت پر مبنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’کل آپ نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے جھوٹے اعداد و شمار پر مبنی پریس کانفرنس دیکھی۔ اب دیکھیے عوام کی پریس کانفرنس۔ یہ نوجوان کسان کا بیٹا ہے اور آرمی کی بھرتی اور دیگر بھرتیوں کو لے کر مایوس ہے۔ کسان اور نوجوان کی پریشانی بیان کر رہا ہے۔ یہی ہے اتر پردیش کی اصل آواز۔‘‘
ویڈیو میں نوجوان پرینکا گاندھی سے کہتا سنائی دیتا ہے کہ وہ فوج میں بھرتی ہونے کی تیاری کر رہا ہے، لیکن تین سال سے بھرتی نہیں آئی ہے۔ پرینکا نے کہا کہ انھوں نے بھی دیکھا کہ صبح 4 بجے لڑکے دوڑ رہے تھے۔ ان سے پوچھا تو کہا کہ وہ فوج کی بھرتی کی تیاری کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے نوجوان کو کانگریس پارٹی کا ’بھرتی وِدھان‘ دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح یوپی میں کانگریس کی حکومت بننے پر نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔