یو سی سی: وزیر اعظم مودی ملک کو بتائیں کہ کن موضوعات پر یکسانیت چاہتے ہیں؟ کپل سبل نے پھر پوچھا سوال
کپل سبل نے مزید کہا ’’وزیراعظم نے تو کہہ دیا ہے کہ وہ اسے لاگو کریں گے، مگر وہ یہ بتائیں تو سہی کہ کیا لاگو کریں؟ اپوزیشن بھی اس بحث میں مصروف ہو رہی ہے۔
نئی دہلی: اس وقت ملک میں یکساں سول کوڈ کو لے کر بحث جاری ہے۔ جہاں حزب اختلاف کی متعدد جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں وہیں، عام آدمی پارٹی اور ادھو دھڑے کی شیو سینا نے اس کی حمایت کی ہے۔ اس دوران راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے ایک بار پھر وزیر اعظم مودی پر نشانہ لگایا ہے۔ سبل نے کہا کہ پہلے وزیر اعظم کو ملک کو بتانا چاہیے کہ یو سی سی (یونیفارم سول کوڈ) کے لیے کیا تجویز ہے اور وہ کن مسائل پر یکسانیت چاہتے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں : کانگریس رکن اسمبلی نے بارش سے پڑے گڑھوں کو پُر کیا
کپل سبل نے مزید کہا ’’وزیراعظم نے تو کہہ دیا ہے کہ وہ اسے لاگو کریں گے، مگر وہ یہ بتائیں تو سہی کہ کیا لاگو کریں؟ اپوزیشن بھی اس بحث میں مصروف ہو رہی ہے۔ جب تک کوئی تجویز منظر عام پر نہیں آئے گی بحث کیسے شروع ہوگی؟ سپریم کورٹ نے کہا کہ یو سی سی لاگو ہونا چاہیے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کن چیزوں پر لاگو ہونا چاہیے۔ کیا لاگو ہو، کس چیز پر لاگو ہو، یہ وزیراعظم مودی کو بتانا چاہئے لیکن وہ ایسا نہیں کر رہے ہیں۔
ؔراجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے مزید کہا کہ جب تک کوئی تجویز سامنے نہیں آتی اس پر بحث کی ضرورت نہیں ہے۔ اتراکھنڈ کا سول کوڈ پورے ملک میں لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ لوگوں کو اس قانون کے بارے میں مکمل علم نہیں ہے لیکن اس پر بحث جاری ہے۔
خیال رہے کہ بھوپال میں یو سی سی پر وزیر اعظم مودی کے بیان کے بعد کپل سبل نے سوال کیا کہ ان کی تجویز کتنی یکساں ہے اور کیا ہندو، قبائلی اور شمال مشرق سبھی اس کے دائرے میں آتے ہیں؟ اس کے علاوہ سبل نے سوال اٹھایا تھا کہ 9 سال بعد وزیر اعظم مودی کو یہ بات کیوں یاد آ رہی ہے؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔