ایک ہی ٹریک پر دو ٹرینیں آ گئی تھیں آمنے سامنے، ایک بڑا ریل حادثہ بمشکل ٹلا، لوکو پائلٹ اور گارڈ معطل
ریل اہلکاروں کے ذریعہ شور مچانے پر مسافر ٹرین کے لوکو پائلٹ نے ہوم سگنل پر ٹرین روکی جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، واقعہ کے بعد ریل محکمہ میں افرا تفری کا ماحول ہے۔
جھارکھنڈ کے دھنباد ریل ڈویژن واقع پردھان کھنتا-رکشت پور اسٹیشنوں کے درمیان 6 اگست کی دوپہر ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ دراصل 08678 دھنباد-بانکوڑا میمو مسافر ٹرین اور مال گاڑی ایک ہی ٹریک پر آمنے سامنے آ گئی تھیں اور بڑا حادثہ ہونے ہی والا تھا کہ ریل اہلکاروں نے شور مچا کر بمشکل حادثے کو ٹال دیا۔ جب ریل اہلکاروں نے شور مچایا تو مسافر ٹرین کے لوکو پائلٹ نے ہوم سگنل پر ٹرین روک دی۔ اس واقعہ کے بعد ریل محکمہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعہ کے بعد سینئر افسران کی ہدایت پر میمو کے لوکو پائلٹ اور گارڈ کو رکشت پور میں اتار لیا گیا اور انھیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ اس درمیان دوسرے لوکو پائلٹ اور گارڈ کو ٹرین آگے لے جانے کی ہدایت دی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ دھنباد-بانکوڑا میمو ٹرین دوپہر 2.25 بجے دھنباد سے کھلی تھی۔ دوسری طرف سندری سے ڈی ایس ٹی پی مال گاڑی روانہ کی گئی تھی۔ مال گاڑی کو رکشت پور سے پردھان کھنتا ہو کر دھنباد-ہوڑل مین لائن پر آنا تھا۔ دھنباد-بانکوڑا میمو کو ہوم سگنل پر کھڑا ہونا تھا، لیکن ٹرین ہوم سگنل کو پار کر سامنے آ رہی مال گاڑی کے ٹریک پر چلی گئی۔ چند منٹ مزید تاخیر ہو جاتی تو بانکوڑا میمو اور مال گاڑی کی ٹکر ہو سکتی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھنباد-بانکوڑا میمو کے لوکو پائلٹ اور گارڈ کو اتار لیا گیا اور پھر ان کی میڈیکل جانچ سمیت دیگر جانچ شروع کر دیے گئے ہیں۔ دونوں کے خلاف میجر چارج شیٹ پنالٹی کی گئی ہے۔ دھنباد ریل ڈویژن کے افسر کا کہنا ہے کہ آدرا ریل ڈویژن کو واقعہ کی جانکاری دے دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔