دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ٹرک نے کار کو ایک کلومیٹر تک گھسیٹا، ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

سوائی مادھوپور سے گزرنے والے دہلی-ممبئی ایکسپریس ہائی وے پر اتوار کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

سوائی مادھوپور: سوائی مادھوپور میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ایک کار آگے جا رہے ٹرک میں گھس گئی۔ اس کے بعد ٹرک گاڑی کو گھسیٹ کر ایک کلومیٹر تک لے گیا۔ اس سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے جے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع کے وکرم گڑھ الوٹ کے رہنے والے ایک ہی خاندان کے لوگ بدری وشال گئے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدری وشال میں بھاگوت کتھا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وہاں بھاگوت کتھا سنتے ہوئے خاندان کی ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ لواحقین متوفی خاتون کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے لاش کو رشی کیش لائے اور خاتون کی رسمی طور پر رشی کیش میں ہی آخری رسومات ادا کی گئیں۔


اس کے بعد وہ اپنے گاؤں وکرم گڑھ واپس لوٹ رہے تھے۔ اس دوران ان کی کار دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر سوائی مادھوپور ضلع کے سوروال تھانہ علاقے میں بھگوت گڑھ-ترلوک پورہ بناس ندی کے قریب پیچھے سے جا رہے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے سو گیا اور کار آگے جا رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کے دوران ٹرک مسلسل چلتا رہا اور کار ٹرک میں پھنس کر تقریباً ایک کلومیٹر تک گھسٹتی رہی۔ اس خوفناک حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔ چاروں مرنے والوں کی لاشیں سوائی مادھو پور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے جنرل اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔

مرنے والوں میں راجن، مونیکا، ریکھا اور دھاپو پرجاپت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ زخمیوں میں پائل پرجاپت، بلبل پرجاپت، جیوتی پرجاپت، کرشنا پرجاپت اور ایک چھوٹی بچی انیتا کے ساتھ کار ڈرائیور شکیل خان شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔