یہ وقت سیاست کا نہیں، بلکہ یوکرین سے طلباء کو بحفاظت ہندوستان لانے کا ہے: شرد پوار
شرد پوار نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ جو طلباء یوکرین گئے ہیں، انہیں ہندوستان واپس آنا مشکل ہو رہا ہے۔ یہ سیاست کا وقت نہیں، طلباء کو امداد کی ضرورت ہے۔
پونے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتہ کے روز کہا کہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء مشکل حالات میں ہیں اور انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں بحفاظت ہندوستان واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو طلباء یوکرین گئے ہیں، انہیں ہندوستان واپس آنا مشکل ہو رہا ہے ۔ یہ سیاست کا وقت نہیں، طلباء کو امداد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بڑی تعداد میں ہندوستانی طلباء طبی تعلیم کے لئے یوکرین جاتے ہیں۔ یوکرین میں صورتحال تشویشناک ہے، یوکرین میں رہنے والے لوگ بھی ملک کی انتظامیہ سے غیر مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہندوستانی طلباء کا یوکرین کے پڑوسی ممالک میں داخل ہو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ ’’ہم سب کو مل کر بحران کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں سخت کارروائی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں اب بھی بڑی تعداد میں طلباء موجود ہیں اور یہ سیاست کا وقت نہیں ہے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں : کب بند ہوگی یہ تباہی!... سید خرم رضا
فون ٹیپنگ کے بارے میں شرد پوار نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے فون ٹیپ کئے جا رہے ہیں اوریہ ایک سنگین مسئلہ ہے، اس معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا۔ شرد پوار نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ پارٹی کے سینئر لیڈر نواب ملک کی حالیہ گرفتاری کا مسئلہ بھی اٹھایا اور پوچھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر نارائن رانے اور نواب ملک کے لئے قانون الگ الگ کیوں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔