مزید بگڑنے والا ہے موسم، 7 سے زیادہ ریاستوں میں طوفانی بارش کا امکان، یلو الرٹ جاری

مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات میں 20 سینٹی میٹر اور اترپردیش، مغربی راجستھان، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، کیرل میں 7 سینٹی میٹر بارش کا امکان ہے۔

یو این آئی
یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ملک کے کئی حصوں میں بارش نے اپنا زور پکڑ لیا ہے، ساتھ ہی کئی مقامات پر بادل پھٹنے اور لینڈ سلائڈ کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے کئی علاقوں میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ کچھ ریاستوں میں حالات مزید خراب ہونے والے ہیں اور محکمہ موسمیات نے بارش کو لے کر الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش سے لے کر مہاراشٹر تک زبردست بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور گجرات میں 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، سوراشٹر اور کچھ، کونکن اور گوا، سرحدی کرناٹک میں بھی زبردست بارش ہونے کی پیشین گوئی ہے۔ اترپردیش، مغربی راجستھان، ودربھ، ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، آسام میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مراٹھواڑہ، کیرل میں 7 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ہونے کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


راجدھانی دہلی میں بھی بادل چھائے رہنے کے ساتھ کچھ علاقوں میں گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ یہاں کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری  اور کم سے کم 26 ڈگری ہونے کا امکان ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ چونکہ دہلی-این سی آر میں بارش کے سبب پہلے ہی جگہ جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے، اس لیے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اترپردیش، راجستھان، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، کیرل، کرناٹک، مہاراشٹر اور شمال مشرقی ہند کے لیے آئی ایم ڈی نے یلو الرٹ جبکہ مدھیہ پردیش میں زیادہ بارش کے مدنظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، گجرات کے کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان ریاستوں میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے پہلے پوری طرح اپنے تحفظ پر توجہ دیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی اترپردیش میں سون بھدر، مرزا پور، چندولی، وارانسی سمیت اس کے آس پاس کے علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں مغربی یوپی کے علی گڑھ، متھرا ہاتھرس، کاسگنج، ایٹا، بلند شہر، آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، ایٹاوا جیسے اضلاع میں بارش کے ساتھ بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ بہار کے 9 اضلاع کے لیے آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ زبردست بارش کو لے کر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہار کے بیگوسرائے، بھاگلپور، گیا، جموئی، جہان آباد، کیمور، کٹیہار میں بھی بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔