ہیمنت سورین کی ضمانت منسوخ کرنے کی ای ڈی کی درخواست سپریم کورٹ نے کی مسترد

سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ سے سورین کو دیے گئے ضمانت کے حکم میں کوئی غلطی نہیں ہے اور اس میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ای ڈی کی درخواست کو مسترد کردیا۔

<div class="paragraphs"><p>ہیمنت سورین / آئی اے این&nbsp; ایس</p></div>

ہیمنت سورین / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

سپریم کورٹ نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی ای ڈی کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ پیر (29 جولائی) کو اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ سے سورین کو دیے گئے ضمانت کے حکم میں کوئی غلطی نہیں ہے اور اس میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ای ڈی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 28 جون کو ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے ہیمنت سورین کو کچھ شرائط کے ساتھ باقاعدہ ضمانت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ یہ پورا معاملہ امکانات پر مبنی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا ہے کہ ہیمنت سورین کا 8.86 ایکڑ زمین کے قبضے میں براہ راست کوئی کردار ہے۔ یہ بھی ثابت نہیں ہوا کہ سورین نے اس کی آڑ میں کوئی ’جرم‘ کیا ہے۔ ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ایجنسی نے ہیمنت سورین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔


ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہیمنت سورین 28 جون کی شام کو رانچی کے ہوٹوار میں واقع برسا منڈا سینٹرل جیل سے باہر آئے اور اس کے بعد ساتویں دن انہوں نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے پہلے ای ڈی نے انہیں 31 جنوری کو زمین گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ وہ پانچ ماہ تک جیل میں رہے۔ گرفتاری کے ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔