منیش سسودیا کو سپریم کورٹ سے نہیں ملی کوئی راحت، درخواست ضمانت پر سماعت 5 اگست تک ملتوی

منیش سسودیا نے اپنی درخواست ضمانت میں یہ دلیل دی ہے کہ وہ 16 ماہ سے جیل میں ہیں اور گزشتہ سال اکتوبر سے ان کے خلاف کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>منیش سسودیا / آئی اے این ایس</p></div>

منیش سسودیا / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت 5 اگست تک ملتوی ہو گئی ہے۔ منیش سسودیا نے اپنی ضمانت میں اپنے گزشتہ 16 ماہ جیل میں بند رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت طلب کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ سی بی آئی کا جواب داخل ہو چکا ہے، ای ڈی کا جواب آنا باقی ہے، ہم اسے یکم اگست تک کا وقت دے رہے ہیں۔ عدالت نے اس کے بعد سماعت کے لیے 5 اگست کی تاریخ طے کی ہے۔

منیش سسودیا نے دہلی آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں سسودیا کی جانب سے یہ دلیل دی گئی ہے کہ وہ 16 ماہ سے جیل میں ہیں اور گزشتہ سال اکتوبر سے ان کے خلاف کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ عدالت نے 16 جولائی کو سسودیا کی درخواستوں پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور سی بی آئی اور ای ڈی  سے جواب طلب کیا تھا۔


واضح رہے کہ سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو سسودیا کو دہلی آبکاری پالیسی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے انہیں 9 مارچ 2023 کو سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ سسودیا نے گزشتہ سال 28 فروری کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 4 جون کو عدالت نے دو معاملات میں سسودیا کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ مگر عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ سے متعلق معاملات میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کی طرف سے چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد سسودیا دوبارہ ضمانت کے لیے اپنی درخواستیں دائر کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔