وزارت برائے ترقی خواتین و اطفال نے ’فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ‘ کو کیا تحلیل

ملک میں کئی مقامات پر فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ کے دفاتر ہیں جن میں فرید آباد، ممبئی، کولکاتا اور چنئی واقع 4 علاقائی دفاتر اور کئی کوالیٹی لیباریٹریز بھی شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وزارت برائے ترقی خواتین و اطفال</p></div>

وزارت برائے ترقی خواتین و اطفال

user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت کی وزارت برائے ترقیٔ خواتین و اطفال نے اپنے فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ کو تحلیل کر دیا ہے۔ یہ وزارت کی تکنیکی وِنگ تھی جس کا ہیڈکوارٹر دہلی میں موجود تھا۔ فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ کے ملک میں کئی مقامات پر دفاتر ہیں جن میں فرید آباد، ممبئی، کولکاتا اور چنئی واقع چار علاقائی دفاتر اور کئی کوالیٹی لیباریٹریز بھی شامل ہیں۔ وزارت نے گزشتہ پیر کے روز گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر بورڈ کو باضابطہ طور پر تحلیل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال 6 اپریل کو کابینہ میٹنگ میں فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔ چیف معاشی مشیر کی نومبر 2020 کی رپورٹ میں سرکاری بلدیوں کو زیادہ ہنرمند اور منظم بنانے کے لیے کئی مشورے دیے گئے تھے۔ انہی مشوروں کی بنیاد پر حکومت نے بورڈ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ ساتھ ہی حکومت نے نیشنل وومن فنڈ اور سنٹرل سوشل ویلفیئر بورڈ کو بھی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ یا ایف این بی کو وزارت زراعت کے تحت شروع کیا گیا تھا، لیکن 1993 میں اس بورڈ کو وزارت برائے ترقیٔ خواتین و اطفال کو منتقل کر دیا گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ ایف این بی (فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ) کے ملک بھر میں 43 کمیونٹی فوڈ اینڈ نیوٹریشن یونٹس ہیں، جو ملک میں کمیونٹی نیوٹریشن پروگراموں کے لیے تکنیکی اور رسد فراہمی کا کام کرتے تھے۔ بورڈ کے ملازمین کی تعداد 147 ہے، جن میں سے 33 نے اپنی خوشی سے سبکدوشی لے لی ہے۔ گروپ ’اے‘ کے تکنیکی افسران کو قومی عوامی تعاون و ترقیٔ اطفال انسٹی ٹیوٹ میں ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہیں گروپ بی کے 61 اور گروپ سی کے تکنیکی اسٹاف کو ایف سی آئی میں ڈیپوٹیشن پر اعزازی ذمہ داری دی گئی ہے۔ غیر تکنیکی 46 ملازمین کو وزارت برائے ترقیٔ خواتین و اطفال میں ہی منتقل کیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق بورڈ کی مختلف شہروں میں جو ملکیتیں ہیں، انھیں ایسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ فرید آباد اور چنئی کی لیباریٹری ایف سی آئی کو دے دی گئی ہے۔ حکومت نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر 16 جون 2021 کو ہی ایف این بی کے کام پر روک لگا دی تھی۔ گزشتہ سال 30 نومبر کو بورڈ تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یکم دسمبر 2023 سے بورڈ نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔